ادارہ برائے شماریات پاکستان کے مطابق نومبر 2025 کے دوران پاکستان میں موبائل فونز کی قومی درآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔
ادارہ پی بی ایس کا کہنا ہے کہ س دوران درآمدات کا حجم 156.6 ملین ڈالر تک پہنچ گیا، جو کہ گزشتہ سال نومبر میں ریکارڈ شدہ 149.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں 7.2 ملین ڈالر یا 4.8 فیصد زیادہ ہے ۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں یہ اضافہ ملکی مارکیٹ میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب اور نئی ٹیکنالوجیز کی دستیابی کی عکاسی کرتا ہے ۔
اسٹیٹ بینک اور پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق، مالی سال 2025-26 کے پہلے 4 ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں موبائل فونز کی درآمدات پر 79.40 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 21.82 ملین ڈالر خرچ ہونے کے مقابلے میں تقریباً 264 فیصد زیادہ ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مارکیٹ پر راج کرنیوالے موبائل فونز کی فہرست جاری، ریڈمی 15 فائیو جی پہلے نمبر پرآگیا
ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ موبائل فونز کی درآمدات میں مسلسل اضافہ ملک میں موبائل مارکیٹ کی تیزی اور صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی طرف اشارہ کرتا ہے، تاہم اس کے ساتھ ساتھ تجارتی خسارے اور زرمبادلہ کے دباؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس پر حکومتی سطح پر غور و خوض جاری ہے ۔
پی بی ایس کے مطابق نومبر 2025 کے اعدادوشمار سے واضح ہوتا ہے کہ صارفین نے جدید اسمارٹ فونز کی خریداری میں زیادہ دلچسپی ظاہر کی، جس کے نتیجے میں درآمدات میں اضافہ ریکارڈ ہوا ۔
اقتصادی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو اس سے ملکی موبائل مارکیٹ میں تیز رفتار ترقی کی توقع ہے، لیکن اس کے ساتھ زرمبادلہ کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی ضرورت بھی بڑھ جائے گی تاکہ تجارتی خسارے اور درآمدات کا توازن برقرار رکھا جا سکے ۔




