اسلام آباد:پی ٹی اے نے موبائل سم کی صارف کے نام پر رجسٹریشن لازمی قرار دیدی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام صارفین کو سم کے ذمہ دارانہ استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تما م سمز کا صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حویلی: موبائل سروس کی بہتری کیلئے ایس سی او حکام نے بڑا اقدام اٹھا لیا
کسی دوسرے فرد کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال ضوابط کے منافی تصور کیا جاتا ہے جب کہ سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ رجسٹرڈ صارف پر عائد ہوتی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے ٹیلی کام صارفین کو ایک بار پھر یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کا ہی استعمال کریں۔
ساتھ ہی یہ بھی لازم قرار دیا جاتا ہے کہ صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کمیونیکیشن کنکشنز کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں۔
ایسے صارفین اپنی سم یا ڈیوائس کے ذریعے کی جانے والی تمام کالز، میسجز اور ڈیٹا کے استعمال کے انفرادی طور پر خود ذمہ دار ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام سمز کو فوری طور پر بلاک کرنے کا فیصلہ
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیاہے کہ صارفین پر لازم ہے کہ وہ تمام متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔




