انوارالحق کا انتقامی تبادلوں پر توجہ دلائو نوٹس،سابق دور میں سب سے زیادہ اضافی چارجز دیئے گئے، فیصل راٹھور

مظفرآباد:سابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے قانون سازاسمبلی اجلاس میں بھمبر میں انتقامی تبادلوں پر توجہ دلائونوٹس جمع کرایا جس پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اور موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے سخت جواب دیا ہے۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائےگی ۔

سرکاری محکموں میں تبادلے خالصتاً انتظامی ضرورت کے تحت کیے جاتے ہیں،ہم ہمیشہ انتقامی تبادلوں کی روش کو مسترد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہر چیز کیلئے سڑکیں بند کرنا مناسب نہیں، وفاق سے پیکیج ملنے پر بجلی بحران ختم ہوگا، وزیراعظم فیصل راٹھور

انہوں نے کہا کہ جہاں ضابطے اور قانون کی خلاف ورزی سامنے آئے گی، وہاں ذمہ داری کے احساس کے تحت اصلاحی اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ خود ماضی کی حکومت کا حصہ رہ چکے ہیں اور اس دور میں سب سے زیادہ اضافی چارجز دئیے گئےتاہم موجودہ حکومت ضرورت کے تحت تبادلے کرے گی لیکن کسی کو غیر ضروری یا انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس سی کے معاملہ پر پیش رفت جاری ہے ، جلد پی ایس سی بورڈ کو مکمل کر دیا جائے گا،جہاں کہیں انتظامی کمی یا کوتاہی سامنے آئے گی، اسے بروقت دور کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد میں ٹریفک کا مسئلہ ایک سنگین چیلنج ہے، جس کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی بنائیں گے ، ٹریفک کو قانون اور ضابطے کے مطابق ریگولیٹ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں اٹھایا گیا جاتلاں نہر پر 1122 کے معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے ، اس پر مناسب کارروائی کی جائے گی۔

اسی طرح بھمبر میں سابق وزیراعظم کی جانب سے اٹھائے گئے مبینہ جھوٹی ایف آئی آر کے معاملے کو وہ ذاتی طور پر دیکھیں گے اور اس حوالے سے بروقت ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ایمبولینسز کا معاملہ احتساب کورٹ میں تھا ، اس معاملہ پر کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے، جو دس دن کے اندر اندر مسئلے کا قابلِ عمل حل پیش کرے گی، ہجیرہ بائی پاس کے لیے ٹینڈر ہو چکا ہے ، اس بائی پاس پر پیش رفت جلد شروع کردی جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے جاں بحق افراد کے ورثاء کو معاوضہ،ملازمت دینے کا وعدہ پورا کردیا

قبل ازیں سینئر موسٹ وزیر میاں عبدالوحید نے کہا کہ تبادلہ جات سروس کا حصہ ہیں، جب کمانڈ تبدیل ہوتی ہے تو اس کے اثرات نیچے تک دیکھے جاتے ہیں۔

بھمبر میں جھوٹی ایف آئی آر کامعاملہ ایک واقعہ ہے ایک ذمہ دار شخصیت کی جانب سے یہ معاملہ قانون ساز اسمبلی کے فلور پر اٹھایا گیا ہے اس معاملہ کا نوٹس لے کر مسئلے کا تدارک کریں گے، عدالتی فیصلے کے مغائر اضافی چارج نہیں دیا جائے گا۔

Scroll to Top