افواج پاکستان نے بھارت کووہ سبق سکھایا جووہ ہمیشہ یاد رکھے گا،وزیراعظم شہباز شریف

مظفرآباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ کبھی نہیں بھولے گا۔ مظفرآباد میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مئی میں ہونے والی جنگ میں آزاد کشمیر کے لوگ بھی افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے دعاگو تھے اور مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی بہن قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ طلبا کو دیے جانے والے لیپ ٹاپ کوئی محض مشین نہیں، بلکہ ایک وژن ہیں۔ اگر لیپ ٹاپ دینا رشوت ہوتی تو آج کے نوجوان ڈاکٹر اور انجینئر نہیں بن سکتے تھے۔ آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں دیا گیا بلکہ ہمیشہ میرٹ کے مطابق فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ محنت کے ذریعے پاکستان کو ایک عظیم ملک بنایا جائے۔

اس موقع پر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں دفاعی اور سفارتی محاذ پر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور حکومت کی مسلسل محنت سے پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ لیپ ٹاپ ہماری نوجوان نسل کے لیے رابطے کا ذریعہ ہیں اور ہمیں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم کی اس مہم سے نوجوانوں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے طلبہ میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کیے

وزیر اعظم نے کہا: “بھارت سے جنگ میں کشمیریوں سمیت پورے ملک نے افواج کے لیے دعائیں کیں۔ افواج پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو ہمیشہ یاد رہے گا۔ پاکستان اور کشمیر کو دنیا کے نقشے پر عظیم بنائیں گے۔”

یہ تقریب نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے منعقد کی گئی۔ وزیراعظم نے طلبا کو محنت اور قابلیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی تاکید کی تاکہ وہ ملک و کشمیر کے روشن مستقبل میں حصہ ڈال سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا وزیراعظم کو خط، شاہ محمود کی پیرول پر رہائی کا مطالبہ

Scroll to Top