متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان 26 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدرِ امارات اپنے دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف سمیت مختلف اہم شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ امور اور پاک یو اے ای تعلقات پر بات چیت کی جائے گی، اور دورے کے دوران اہم معاشی و تجارتی معاہدوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم نے اماراتی سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان میں ان کی حالیہ تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کئی دہائیوں سے باہمی احترام، دوستی اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورۂ پاکستان کے منتظر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ مظفرآباد :جدید کینسر اسپتال کا افتتاح اور طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی اور استحکام میں معاونت کے لیے اہم شعبوں میں متحدہ عرب امارات کو مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے توانائی، معدنیات، آئی ٹی، ریلوے اور ہوا بازی جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور ترقیاتی منصوبوں سمیت متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:ایمز ہسپتال مظفرآباد کی توسیع کیلئے اہم پیشرفت، وزیراعظم شہبازشریف کو تحریک پیش
اس موقع پر اماراتی سفیر سالم محمد سالم البواب الزابی نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق صدرِ امارات کے دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں دو طرفہ امور، پاک یو اے ای تعلقات اور اہم معاشی و تجارتی معاہدوں پر بات چیت ہوگی۔




