پاکستانی معیشت ترقی کی نئی راہوں پرگامزن ہے، عالمی جریدے کا اعتراف

پاکستانی معیشت ترقی کی طرف تیزی سے گامزن ہے اور عالمی سطح پر اس پیش رفت کا اعتراف سامنے آ رہا ہے۔ حکومت کی اصلاحاتی پالیسیوں کے باعث پاکستان میں معاشی استحکام آنے لگا ہے، جس کے نتیجے میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور مثبت معاشی اعشاریے سامنے آ رہے ہیں۔

امریکی جریدے یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق پاکستان نئی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہترین اصلاحات اور نجی شعبے میں جدت پاکستان میں سرمایہ کاری کے منظرنامے کو بدل رہی ہیں۔ جریدے کے مطابق پاکستان مستحکم ادارہ جاتی نظم و ضبط، بہتر میکرو اکنامک صورتحال اور اہم شعبوں میں مضبوط قیادت کے ساتھ 2026 میں داخل ہو رہا ہے۔

یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق یہ تمام عوامل پاکستان کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط اور مواقع سے بھرپور مارکیٹ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں بینکنگ کے شعبے نے ڈیجیٹل رجحان کے تحت صارفین کو جدید سہولیات فراہم کی ہیں، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر ہیں، فنانشل ٹائمز

اسی طرح پاکستان کا ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ شعبہ بھی بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کر رہا ہے۔ یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق مستحکم توانائی کی فراہمی نے مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور برآمداتی خدمات میں نئے مواقع پیدا کیے ہیں، جبکہ میکرو اکنامک استحکام بہتر ہونے سے بڑے مینوفیکچررز آٹوموٹیو صنعت میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل، فرٹیلائزر، پیکجنگ اور ویلیو ایڈڈ فوڈ پروڈکشن جیسے تیزی سے بڑھتے شعبوں میں بھی ترقی دیکھی جا رہی ہے۔ اسی طرح پاکستان میں معدنیات ایک اور تیزی سے بڑھتا ہوا شعبہ قرار دیا گیا ہے۔ یو ایس اے ٹو ڈے کے مطابق ہاؤسنگ مارکیٹ میں بھی اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بھرپور سفارتکاری:پاکستان نے واشنگٹن میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی، امریکی جریدہ

سیاحت اور ہوٹلنگ کے شعبے میں بھی اہم مواقع سامنے آ رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نجی شعبے کے ساتھ مل کر طویل مدتی ترقی کی بنیادیں مضبوط کر رہا ہے، جبکہ نجی شعبہ مزید مضبوط، ٹیکنالوجی سے بھرپور اور عالمی دنیا سے ہم آہنگ ہوتا جا رہا ہے۔

Scroll to Top