وادی نیلم میں تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ بالائی علاقوں میں دو فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفرآباد میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، ملتان، کوٹ ادو، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر :بارش، برفباری سے موسم سرد،ماحول خوشگوار ہوگیا
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، بینظیرآباد، موہنجوداڑو اور گرد و نواح میں بھی دھند متوقع ہے۔
اسی طرح پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی دھند کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لہہ میں درجہ حرارت منفی 8، گوپس منفی 4، کالام اور کوئٹہ میں منفی 3، قلات میں منفی 2 جبکہ مالم جبہ میں منفی ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں بارش اور بچے کی خوشی، ملک بھر میں موسم سرد
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث دھند اور اسموگ کی صورتحال میں کمی آئے گی۔




