اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے نویں ایڈیشن کا میلہ کل بدھ (19فروری)سے پاکستان میں سجے گا، پاکستان پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کریگا۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بھی لاہور پہنچ گئی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا ایڈیشن 1998 میں بنگلا دیش میں کھیلا گیا جہاں جنوبی افریقا نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا ایڈیشن کینیا میں کھیلا گیا، نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دے کر ٹائٹل جیتا،2002میں سری لنکا میں چیمپئنز ٹرافی کا تیسرا ایڈیشن ہوا جہاں بارش کے باعث بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔
انگلینڈ میں 2004میں چیمپئنز ٹرافی کا میلہ سجا اور ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔2006میں بھارت میں چیمپئنز ٹرافی کاٹائٹل آسٹریلیا نے جیتا۔2009میں جنوبی افریقا میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں کینگروز نے کیویز کو شکست دے کر مسلسل دوسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا۔
انگلینڈ میں2013میں بھارتی ٹیم نے میدان مارا،2017 میں پھر انگلینڈ میں میلہ سجا، پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 180 رنز سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
انگلینڈ میں 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے بعد آئی سی سی کی پالیسی کے تحت اسے ختم کر دیا گیاتھاتاہم نومبر 2021 میں آئی سی سی نے اعلان کیا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوبارہ آغاز ہوگااور نواں ایڈیشن پاکستان میں ہوگا اور 2029 میں بھارت میں10واں کھیلا جائیگا۔
ادھرچیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی۔
انگلش ٹیم کپتان جوز بٹلر کی قیادت میں لاہور پہنچی۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا کھلاڑیوں اور اسٹاف سمیت 31 رکنی دستہ براستہ دبئی لاہور پہنچا ہے۔ہیڈ کوچ برینڈن مکیلم سمیت انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر رابرٹ کی بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز کل19 فروری سے ہو گا جہاں افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کراچی میں مدمقابل ہوں گی۔آسڑیلیا ،نیوزی لینڈ،افغانستان، جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی پاکستان پہنچ چکی ہیں ، بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ پہلے دبئی میں ہوگا۔