برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بدلتے عالمی نظام میں مؤثر ترین اسٹریٹجک رہنماؤں میں شامل ہو چکے ہیں۔ جریدے کے مطابق عالمی سیاست میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں نے درمیانی طاقتوں کے لیے ایک نیا مگر نہایت پیچیدہ دور متعارف کرا دیا ہے، جس میں پاکستان کی قیادت نے نمایاں سفارتی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق موجودہ عالمی منظرنامہ مڈل پاورز کے لیے خاصا مشکل ثابت ہو رہا ہے، تاہم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے اس پیچیدہ ماحول میں کامیابی کے ساتھ اپنی حیثیت منوائی۔ جریدے نے انہیں درمیانی طاقتوں کے سب سے کامیاب ملٹی لٹرل اسٹریٹجک پلیئرز میں شمار کیا ہے، جو بیک وقت مختلف عالمی قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات قائم رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر رسمی اور غیر روایتی طرزِ سیاست کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگ ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے ساتھ بروقت خوش گفتاری، نرم سفارتی رویہ اور حقیقت پسندانہ اپروچ پاکستان کے لیے مؤثر ثابت ہوئی، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی پوزیشن کو تقویت دی۔
برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان کی قیادت نے ایک ہی وقت میں واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ متحرک اور متوازن روابط برقرار رکھے، جو بدلتی عالمی سیاست میں ایک بڑی سفارتی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تیزی سے تبدیل ہوتے عالمی حالات میں پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا کیے اور قومی مفادات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو انتہائی قابل احترام شخصیت قرار دیدیا
فنانشل ٹائمز نے مزید لکھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کی سفارتکاری کو نئے عالمی تناظر کے مطابق ڈھالنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کا عالمی تشخص مضبوط ہوا اور خطے میں اس کی سفارتی اہمیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جریدے کے مطابق یہ حکمتِ عملی پاکستان کے لیے طویل المدتی فوائد کی حامل ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب فنانشل ٹائمز نے بھارت کی سفارتی حکمتِ عملی پر تنقیدی نظر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے لیے درمیانی طاقت کا کردار توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ہندوستان بدلتے عالمی حالات اور ٹرمپ کے غیر متوقع انداز سے ہم آہنگ نہ ہو سکا، جس کے باعث اسے مڈل پاور حکمتِ عملی میں سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں:انڈر19 کرکٹ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے باعث فخرہے،فیلڈ مارشل
جریدے کا کہنا ہے کہ ان سفارتی ناکامیوں کے باعث بھارت عالمی سطح پر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا، جبکہ اس کے برعکس پاکستان کی سفارتی کامیابیوں نے بھارت کو مایوسی سے دوچار کیا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کے ماہر کے طور پر ابھرے ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان نے بدلتے عالمی نظام میں اپنے مفادات کا مؤثر تحفظ کیا ہے، جس کے آنے والے برسوں میں خطے اور عالمی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہونے کے امکانات ہیں۔




