بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل) مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے جنرل سیکرٹری ،سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ رٹھوعہ ہریام بریج اور دانش سکول جیسے اہم منصوبے مکمل طور پر وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے تعاون سے مکمل جائیں گے، آزادکشمیر حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں ہے۔
کسگمہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ کچھ لوگ جھوٹ بولنے میں اتنے ماہر ہیں کہ وہ جھوٹوں کے آئی جی بن چکے ہیں،وزیراعظم صاحب کہتے ہیں کہ انہوں نے کسی سے انتقام نہیں لیا اور کوئی ٹبر نہیں پالا، تو پھر اسمبلی میں کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ بھمبر میں وزیراعظم کے نام پر لوٹ مار کرنے والے کب بے نقاب ہوں گے؟ ابھی وقت نہیں آیا لیکن آنے والے وقت میں سب کچھ عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
طارق فاروق نے کہا کہ حکومت کو حادثاتی طور پر دو سال کا وقت ملا لیکن اس عرصے میں کچھ بھی ڈیلیور نہیں کیا گیا، سوائے انتقام کے جنہوں نے یہ حکومت بنائی، وہ بھی آج پچھتا رہے ہیں۔کچھ لوگوں نے میرے خلاف بغض میں موجودہ قیادت کو سپورٹ کیا لیکن میں اللہ کے فضل سے پہلے سے بھی زیادہ عوام کی خدمت کروں گا ۔
انہوں نے بھمبر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں لوٹ مار عروج پر ہے، پٹواری ڈی سی سے زیادہ طاقتور ہو چکا ہے اور رشوت روپے میں نہیں بلکہ پاؤنڈ میں لی جا رہی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حقیقت کا ادراک کریں اور دیکھیں کہ کل کی حکومت بہتر تھی یا آج کی؟ اوورسیز کشمیری آ کر خود دیکھیں کہ ان کے علاقوں میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کڑے احتساب اور بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ریاست میں افراتفری کے پیچھے اجیت دوول ماڈل ، انوارالحق سہولت کار ، سردار تنویر الیاس




