اسلام آباد: وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف آج آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا ایک روزہ اہم دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دن گیارہ بجے مظفرآباد پریڈ گراؤنڈ ہیلی پیڈ پر پہنچیں گے، جہاں قائم مقام صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، مسلم لیگ نون آزاد کشمیر کے صدر و قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سمیت دیگر شخصیات ان کا استقبال کریں گی۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا پر مشتمل وفد بھی ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان کو بائے روڈ امبور لے جایا جائے گا، جہاں وہ عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے عقب میں حال ہی میں تعمیر کیے گئے جدید ترین کینسر اسپتال کنور (KINOR) کا افتتاح کریں گے۔ یہ اسپتال پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے وسائل سے تعمیر کیا گیا ہے اور کمیشن کا 21 واں مکمل ہونے والا کینسر پروجیکٹ ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو کینسر کی تشخیص اور علاج میں نصف صدی سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ کمیشن کے تحت پاکستان بھر میں قائم 20 کینسر اسپتالوں میں سالانہ 40 ہزار مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے جبکہ تقریباً 10 لاکھ افراد کی سکریننگ کی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے یہ اٹامک انرجی کمیشن کا پہلا اور بڑا عطیہ ہے، جس سے آزاد کشمیر کے ساتھ ساتھ ہزارہ ڈویژن کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انتظامات مکمل، وزیراعظم شہبازشریف آج مظفرآباد کا اہم دورہ کرینگے
افتتاحی تقریب کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف میر واعظ مولوی عمر فاروق میڈیکل کالج کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر بھر کے ہونہار طلبہ و طالبات کو مدعو کیا گیا ہے، جہاں وزیراعظم اپنے ہاتھوں سے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ یہ اقدام وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہونہار نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا جا رہا ہے۔
اپنے دورے کے دوران وزیراعظم پاکستان، وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم دوپہر اڑھائی بجے واپس اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔ مزید یہ کہ وزیراعظم کی جانب سے اپنے آبائی علاقے لیپہ ویلی اور مظفرآباد کے لیے دانش اسکولز کے قیام کا بھی اعلان متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جو مذاکرات کی بات کرے وہ عمران خان کا ساتھی نہیں، علیمہ خان
یہ دورہ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی مواقع میں اضافے کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے علاقے کی صحت اور تعلیم کے شعبے میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔




