انڈر 19 ایشیا کپ: شکست پر پاکستان کا نام نہ لکھنے پر بی سی سی آئی تنقید کی زد میں

انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں گرین شرٹس کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پاکستان کا نام نہ لکھنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے خود کو تنقید کا سامنا کروا لیا۔

گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ اس میچ میں سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ پاکستان کی فتح کا اہم پہلو بنی، جس کے نتیجے میں بھارت کو واضح اور فیصلہ کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے اختتام کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھارت کی شکست سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کی۔ اس پوسٹ میں صرف یہ لکھا گیا کہ ’’انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست‘‘ تاہم اس پیغام میں اس ٹیم کا نام شامل نہیں کیا گیا جس کے خلاف بھارت کو شکست ہوئی۔

عام طور پر کرکٹ ٹیمیں یا بورڈز اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں میچ کے نتیجے کے ساتھ مخالف ٹیم کا نام بھی تحریر کرتے ہیں، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا نام شامل نہ کیے جانے پر یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر نمایاں توجہ کا مرکز بن گئی۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر19 کرکٹ ٹیم کی کامیابی پوری قوم کیلئے باعث فخرہے،فیلڈ مارشل

بی سی سی آئی کی اس پوسٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد پاکستانی صارفین اور کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر ردِعمل دیا۔ متعدد صارفین نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پوسٹ پر تبصرے کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ بھارت کو شکست کس ٹیم کے خلاف ہوئی۔ ایک صارف نے کمنٹ میں پوچھا کہ شکست پر کس سے؟ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ نام کیوں نہیں لیا گیا اور کس ٹیم کے ہاتھوں شکست ہوئی، پاکستان کا نام یاد رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ٹیم کی وزیراعظم سے ملاقات،ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

واضح رہے کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل کے موقع پر ٹاس کے دوران بھی پاکستان اور بھارت کے کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہیں ہوا۔ اسی طرح ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنواتے وقت بھی دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا۔ اس سے قبل گروپ میچ میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان ہینڈ شیک نہ ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

Scroll to Top