پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل کے تحت قومی ایئرلائن کے 75 فیصد حصص کی بولی آج لگائی جائے گی۔ اس حوالے سے نجکاری کمیشن کی جانب سے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے بولیاں صبح 10 بجکر 45 منٹ سے 11 بجکر 15 منٹ تک جمع کی جائیں گی، جبکہ سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر بولیاں کھولی جائیں گی۔ بولیاں موصول ہونے کے بعد انہیں مہربند لفافوں میں ڈال کر ایک مخصوص ڈبے میں رکھا جائے گا۔
نجکاری کمیشن کے مطابق بولیوں کی وصولی کے بعد پرائیویٹائزیشن کمیشن بورڈ کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں ریفرنس قیمت طے کی جائے گی۔ بعد ازاں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری ریفرنس قیمت کی منظوری دے گی۔ بولیاں کھولے جانے کے موقع پر ریفرنس قیمت کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اگر موصول ہونے والی بولیاں ریفرنس قیمت سے زیادہ ہوئیں تو کھلی نیلامی کا عمل اختیار کیا جائے گا۔ تاہم اگر بولیاں ریفرنس قیمت سے کم رہیں تو زیادہ بولی لگانے والے کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی ٹورنٹو میں عملے کی گمشدگی اور سیاسی پناہ کی خبروں کی تردید
نجکاری کمیشن کے مطابق قومی ایئرلائن کے 25 فیصد حصص حکومت کے پاس قیمتی اثاثے کے طور پر برقرار رہیں گے۔ کامیاب بولی دہندہ کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ باقی 25 فیصد حصص خریدے یا انہیں حکومت کے پاس رہنے دے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد بولی دہندگان سے موصول ہونے والی دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے، جس کے بعد نجکاری کمیشن 90 دن کے اندر تمام قانونی کارروائی مکمل کرے گا۔
حکومت کے فیصلے کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے اس عمل کو ٹی وی نیٹ ورکس پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ مشیر برائے نجکاری محمد علی بولی کے عمل کے اختتام پر پریس کانفرنس کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سردار میر اکبر کی ن لیگ میں دوبارہ انٹری پر سوالات مگر یہ مجبوری کس کی تھی؟
اعلامیے کے مطابق قومی ایئرلائن کی نجکاری وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جا رہی ہے۔




