انڈر 19 ٹیم کی وزیراعظم سے ملاقات،ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف سے انڈر 19 ایشیا کرکٹ کپ جیتنے والی قومی ٹیم نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے فی کھلاڑی ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جہاں نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کو مبارکباد دی۔

ملاقات میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ٹیم کی مجموعی محنت اور نظم و ضبط کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ ٹیم کی تیاری کا عمل 17 جون 2025 سے شروع کیا گیا تھا، جس میں 70 نوجوان کھلاڑیوں کے ٹرائلز ہوئے۔ ان کے مطابق ٹرائلز کے بعد 70 میں سے 30 کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا گیا، اور ایشیا کپ میں شرکت سے قبل مقصد یہ طے کیا گیا تھا کہ ٹیم کپ بھی جیتے گی اور شائقین کے دل بھی۔

مایہ ناز کرکٹر سرفراز احمد نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تمام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے بھرپور محنت کی جس کا نتیجہ ایشیا کپ کی کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ : کپتان فرحان یوسف نے فتح کا سہرا کس کے سر باندھا؟

سرفراز احمد نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے پوری انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ٹیم مستقبل میں مزید ٹرافیاں جیتے گی۔ ان کے مطابق وزیراعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، جبکہ سمیر منہاس کی اننگ اور عثمان خان کے ساتھ ان کی شراکت داری کو بھی سراہا گیا۔

کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ مینجمنٹ کی جانب سے مکمل سپورٹ فراہم کی گئی، ایشیا کپ جیتنے میں تمام کھلاڑیوں نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو اپنی نیچرل کرکٹ کھیلنے کی ہدایت دی اور کسی بھی مرحلے پر کسی کھلاڑی کا مورال ڈاؤن نہیں ہوا۔

فرحان یوسف نے مزید کہا کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں وہ انفرادی پرفارمنس نہیں دے سکے، تاہم ورلڈ کپ میں بہتر انفرادی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کے مطابق مینجمنٹ کی مکمل حمایت ٹیم کے اعتماد کا باعث بنی۔

یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہرکھلاڑی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دینےکا اعلان

سٹار بلے باز سمیر منہاس نے کہا کہ ان کا پلان سادہ تھا، وکٹ پر وقت گزارنا اور ٹیم کے لیے رنز بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں بھی اچھی اننگ کھیلی، جبکہ بھارت کے خلاف میچ میں کسی قسم کا پریشر نہیں تھا۔ سمیر منہاس کے مطابق بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے سے مخالف ٹیم پر دباؤ آتا ہے، اسی سوچ کے ساتھ انہوں نے بیٹنگ کی۔

Scroll to Top