پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری ہے کیونکہ محکمہ پاسپورٹس نے درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لیے ایک جدید اور مکمل نظام متعارف کرا دیا ہے۔
نئے نظام کے تحت پاکستان اور دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی، جس سے شہریوں کو اپنے پاسپورٹ کی پراسیسنگ کی ہر مرحلے کی مکمل معلومات حاصل ہو سکیں گی۔
ڈی جی پاسپورٹس کی ہدایت پر ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی 24/7 مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل اینٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزانہ آپریشنز کی نگرانی اور ایوالیوشن کی جائے گی۔ اس سے نہ صرف درخواستوں کی پراسیسنگ بلکہ پرنٹنگ کے مراحل اور اسٹاف کی کارکردگی بھی مؤثر طریقے سے مانیٹر کی جا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے لے کر ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جائے گی اور یہ بھی ممکن ہوگا کہ پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی کی جا سکے، تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور عملے کی کارکردگی مزید بہتر ہو۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی ائیرپورٹ پر پاسپورٹ پھاڑنے کا واقعہ، نجی ائیرلائن کا عملہ قصوروار
جدید مانیٹرنگ سسٹم سے پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ، مشینری کی صورتحال اور اسٹاف کی کارکردگی بھی مسلسل مانیٹر کی جائے گی۔ اس سے نظام کی شفافیت، استعداد کار اور شہریوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ: کونسا ملک سب سے آگے؟
یہ نیا سسٹم شہریوں کے لیے نہ صرف آسانی کا باعث بنے گا بلکہ محکمہ پاسپورٹس کے روزانہ کے آپریشنز میں بھی بہتری لائے گا اور کارکردگی کی مانیٹرنگ کے نئے معیار قائم کرے گا۔




