کراچی (22 دسمبر 2025): رواں سال آج کی رات پورے سال کی طویل ترین رات ہوگی، جبکہ کل 22 دسمبر کو سال کا مختصر ترین دن شمار کیا جائے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ مظہر ہر سال دسمبر میں پیش آتا ہے اور فلکیاتی اعتبار سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
طویل ترین رات اور مختصر دن کی مدت:
ماہرین فلکیات کے مطابق طویل ترین رات کا آغاز رات 8 بج کر 3 منٹ سے ہوگا۔ درمیانی شب زمین کے شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہوگی، اور پیر کا دن سال کا مختصر ترین دن ہوگا۔ کراچی میں اس دوران رات کا دورانیہ 13 گھنٹے 25 منٹ جبکہ دن کا دورانیہ 10 گھنٹے 35 منٹ پر مشتمل ہوگا۔ یہی فرق اس دن کو سال کا مختصر ترین دن بناتا ہے۔
یہ مظہر کب اور کیوں ہوتا ہے:
ماہرین کے مطابق یہ موقع ہر سال دسمبر کے مہینے میں آتا ہے اور اس کی تاریخیں 20 سے 23 دسمبر کے درمیان کسی بھی دن ہو سکتی ہیں۔ رواں سال یہ مظہر 22 دسمبر کی رات اور دن کو ملا کر پیش آ رہا ہے۔ شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات کو فلکیات کی زبان میں “ونٹر سولسٹائس” یا شمالی سولسٹائس کہا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کے جزیرہ ہرمز میں بارش کے بعد ساحلی زمین سرخ رنگ میں بدل گئی
زمین کا جھکاؤ اور اس کا کردار:
ماہرین فلکیات کے مطابق زمین اپنے محور پر تقریباً 23.4 درجے جھکی ہوئی ہے، اور محوری گردش کے دوران زمین کا اپنا محور کسی گھومتے ہوئے لٹو کی مانند لڑکھڑاتا رہتا ہے۔ سورج کے گرد گردش کے دوران سال میں ایک موقع آتا ہے جب شمال کی جانب زمینی محور کا انتہائی جھکاؤ سورج سے مخالف سمت میں ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں شمالی نصف کرے میں طویل ترین رات پیدا ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سردیوں میں چائے میں یہ چیزشامل کریں، چھوٹی موٹی تکالیف سےبچیں!
دن کیوں لمبے ہونے لگتے ہیں:
ماہرین کے مطابق زمین کی محوری گردش مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، اس لیے یہ موقع آنے کے فوراً بعد زمینی محور کا جھکاؤ واپس پلٹنے لگتا ہے اور شمالی نصف کرے کا جھکاؤ دوبارہ سورج کی سمت ہونے لگتا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں انقلاب سرما کے فوراً بعد راتیں چھوٹی اور دن بتدریج طویل ہونے لگتے ہیں۔




