انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو عبرتناک شکست سے دوچار کرنے والی قومی کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہےاور خصوصی طیارہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے۔
قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز نے ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا، تاہم پرواز کچھ تاخیر کا شکار ہوگئی اور ایک بجکر 15 منٹ پر لینڈنگ کی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن نقوی کا انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ہرکھلاڑی کیلئے 50 لاکھ روپے انعام دینےکا اعلان
ایئرپورٹ کے باہر شائقین کرکٹ کی جانب سے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا اور منچلے نوجوانوں نے بھنگڑے ڈالے جبکہ سمیر منہاس کے نعرے بھی لگائے گئے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر وزیر مملکت بلا اظہر کیانی نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا اور کھلاڑی ڈبل ڈیکر بس پر روانہ ہوئے جبکہ شائقین کی جانب سے ان کا شاندار استقبال اور حق میں نعرے بازی کی گئی۔
یاد رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے واضح فرق سے شکست دی۔
ابتدائی طور پر پاکستان انڈر 19 ٹیم پیر کی صبح زمبابوے روانہ ہونے والی تھی، لیکن اب روانگی کا شیڈول ایک دن مؤخر کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈر 19 ٹیم کی اس کامیابی پر آج ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف خود کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان انڈر 19 کے مینٹور سرفراز احمد نے فائنل میں فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے انتھک محنت کی، انہیں صرف رہنمائی اور اعتماد دیا گیا اور انہوں نے توقعات کے مطابق بہترین کارکردگی دکھائی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف ،محسن نقوی کی انڈر 19 ایشیاء کپ جیتنے پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد
دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہاکہ یہ کامیابی اللہ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو لمبے لیکچر دینے کے بجائے ان کے اندر موجود ٹیلنٹ پر اعتماد کیا اور نوجوانوں نے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔




