صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے اچھی خبر آ گئی ہے کیونکہ ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے کمی کر کے 290 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ایل پی جی کی قیمت میں یہ کمی اعلان کے باوجود شہری اب بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایل پی جی کو اوگرا کے مقرر کردہ نرخ 209 روپے فی کلو پر فروخت کیا جائے تاکہ عام صارفین پر مہنگائی کا بوجھ کم ہو سکے ۔
واضح رہے کہ اوگرا نے پہلے ہی ایل پی جی کی قیمت 209 روپے فی کلو مقرر کر رکھی تھی لیکن مارکیٹ میں اس کی فروخت مقررہ نرخ سے کافی زیادہ ہو رہی تھی ، جس کے باعث عوام میں شدید ناخوشی پائی جاتی رہی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی گھریلو سلنڈر 69 روپے 44 پیسے سستا، نوٹیفکیشن جاری
تاجروں اور ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مقامی سطح پر بھی نرخوں میں تبدیلی ممکن ہوئی ہے ، تاہم شہری اب بھی مطالبہ کر رہے ہیں کہ قیمتیں اوگرا کے مقرر کردہ نرخ پر لائی جائیں تاکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء پر اضافی اخراجات کم کیے جا سکیں ۔
حالانکہ قیمت میں یہ حالیہ کمی عوام کے لیے فوری ریلیف فراہم کرے گی مگر یہ اوگرا کے مقرر کردہ ریٹس سے 81 روپے زیادہ ہے، جو کہ بہت زیادہ سمجھا جا رہا ہے ۔ شہری اور صارفین کی اکثریت مطالبہ کر رہی ہے ایل پی جی فوری طور پر مقررہ نرخوں پر دستیاب کی جائے ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے عوامی مطالبات کو کس حد تک تسلیم کرتے ہیں اور ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں ۔




