ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان بھارت کو عبرتناک شکست دے کر چیمپئن بن گیا ۔348 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ، گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے، اور بھارت کو جیتنے کے لیے 348 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ۔
بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 172 رنز کی شاندار اور دلکش اننگز کھیلی ، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر جوڑے ، سمیرمیچ کے بہترین کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکوررقرار پائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ فائنل : سمیر منہاس کی بھارت کے خلاف شاندار سینچری، بیٹنگ جاری
اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے ۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔
بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3، کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2-2 کھلاڑیوں کومیدان بدر کیا ۔
فائنل سے قبل پاکستانی کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ پوری طرح تیار ہیں ، فائٹ کریں گے اور ٹائٹل حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش ہوگی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ ڈیڈ لائن میں دوبارہ توسیع
خیال رہے کہ پاکستان 2 بار آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے لیکن اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا فاتح نہیں بنا ہے ۔
2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن رہے تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بابراعظم کا بلا چل پڑا : بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا




