انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: پاکستان کا بھارت کو 348 رنز کا ہدف

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے۔

فائنل مقابلے میں پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نمایاں رہے، جنہوں نے بھارت کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 172 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ سمیر منہاس نے اپنی اننگز میں 17 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر مکمل کیے۔ سمیر منہاس اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی ہیں۔

پاکستانی بیٹنگ لائن میں دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ احمد حسین نے 56 رنز بنائے جبکہ عثمان خان نے 35 رنز اسکور کیے۔ کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز بنائے اور حمزہ ظہور 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ فائنل : سمیر منہاس کی بھارت کے خلاف شاندار سینچری، بیٹنگ جاری

بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ سے قبل بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ فائنل سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ٹیم پوری طرح تیار ہے، بھرپور فائٹ کرے گی اور ٹائٹل حاصل کرنے کی کوشش ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارت کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان اب تک دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکا ہے، تاہم انڈر 19 ایشیا کپ میں اب تک فاتح نہیں بن سکا۔ 2012 کے انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے۔

Scroll to Top