بھارتی پائلٹس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، عالمی میڈیا کی رپورٹس

عالمی میڈیا نے بھارتی فضائیہ اور سول ایوی ایشن سے وابستہ پائلٹس کی ذہنی صحت، پیشہ ورانہ کارکردگی اور اسکریننگ کے نظام سے متعلق سنگین خدشات کو اجاگر کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق مسلسل ذہنی دباؤ اور پیشہ ورانہ خستگی کے شکار پائلٹس کی موجودگی نے فضائی سفر کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جس سے مسافروں کی سلامتی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹس میں دہلی ایئرپورٹ پر ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ وریندر سیجوال کے واقعے کا حوالہ دیا گیا ہے، جہاں بورڈنگ قطار توڑنے پر ایک مسافر پر تشدد کیا گیا۔ اس واقعے کو فضائی عملے کی ذہنی کیفیت اور ایوی ایشن سیکٹر میں نفسیاتی مسائل کے تناظر میں پیش کیا گیا، جس نے بھارتی سول ایوی ایشن میں ذہنی دباؤ کے اثرات کو نمایاں کیا۔

اسی طرح نیویارک پوسٹ کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایئر انڈیا کے بعض پائلٹس حادثات کے دوران ڈپریشن اور ذہنی مسائل کا شکار تھے۔ رپورٹ کے مطابق احمدآباد حادثے سے قبل ذہنی دباؤ میں مبتلا پائلٹ کو فلائٹ کلیئرنس دینے پر ایئر انڈیا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی میڈیا نے اس صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے ناقص نفسیاتی اسکریننگ پر سوالات اٹھائے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ سول ایوی ایشن میں نفسیاتی جانچ کے کمزور نظام کے باعث پائلٹس خود مسافروں کے لیے خطرے کی علامت بن سکتے ہیں، جو فضائی سلامتی کے لیے ایک سنجیدہ مسئلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جہاز تیجس تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا،چشم دید شواہد

مزید برآں، حالیہ دبئی ایئرشو میں بھارتی طیارہ تیجس کی تباہی نے بھارتی فضائیہ کے تربیتی معیار کو عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا دیا۔ اسی تناظر میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں رافیل طیاروں کے نقصان کے واقعات نے بھی بھارتی فضائیہ کی مجموعی کارکردگی پر سوالات کو تقویت دی۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی فضائیہ اور سول ایوی ایشن میں نفسیاتی اور تربیتی معیار سے متعلق مسائل نے بھارت کو عالمی سطح پر تنقید اور تشویش کا سامنا کروا دیا ہے، جبکہ اس صورتحال نے فضائی شعبے سے وابستہ ماہرین اور مسافروں میں خدشات کو جنم دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر بڑااحتجاجی مظاہرہ، مودی سرکار کو انتباہ دیدیا

Scroll to Top