لاہور: حکومت نے ملک بھر میں سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، نیٹ میٹرنگ پالیسی کو اب “نیپرا سولر صارفین قوانین 2025” کا نام دیا گیا ہے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت توانائی نے نئی پالیسی کی منظوری بھی دے دی ہے۔
نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت صارفین سے سولر معاہدے کی مدت 7 سال سے کم ہو کر 5 سال کر دی گئی ہے۔ نیٹ میٹرنگ کی مد میں سولر صارفین کو اضافی سرچارج کی بجائے فی یونٹ تبادلہ دیا جائے گا، اور نئی سولر نیٹ بلنگ فی یونٹ تقریباً 11 روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پہاڑی علاقوں میں شرپسند عناصر کی آماجگاہیں بے نقاب، نوجوانوں کو استعمال کرنے کی سازشیں سامنے آگئیں
ذرائع کے مطابق، نیٹ میٹرنگ میں سولر صارفین پہلے 25.98 روپے فی یونٹ کا فائدہ اٹھاتے تھے۔ آئندہ 25 کلوواٹ سے کم لوڈ کے لیے نیپرا سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ پہلے گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین 25 کلوواٹ تک لائسنس سے مستثنیٰ تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں سولر سسٹمز کی قیمتوں میں کمی، صارفین کے لیے سنہری موقع
وزارت توانائی، ڈسکوز اور نیپرا نے کئی ماہ تک مشاورت کے بعد یہ پراسیجر مکمل کیا۔ وزارت توانائی نے وفاقی حکومت کو بتایا کہ نئی پالیسی کے بغیر نظام چلانا ممکن نہیں ہے۔
ترجمان وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ سولر ٹیرف کا تعین نیپرا ریگولیٹرز کی ذمہ داری ہے اور صارفین کو اس سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ نئے نظام کے تحت نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ نظام لاگو ہو گا۔




