کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہی، جس کے نتیجے میں کئی بین الاقوامی پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔
کراچی میں صبح کے وقت سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن اور ڈیفنس کے اطراف میں دھند کا راج رہا۔ ایم نائن موٹروے پر حد نگاہ صفر رہی اور شہر کے دیگر علاقوں بشمول ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ اور کریم آباد میں بھی دھند ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر ابرآلود اور رات میں خنکی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شدید دھند: فوگ الرٹ، فضائی آپریشن متاثر ہونے کا امکان
دھند کے باعث آنے والی 6 بین الاقوامی پروازیں دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کر دی گئی ہیں۔ پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں کراچی کے بجائے مسقط منتقل کی گئی ہیں، جبکہ ایک نجی ایئر لائن کی پرواز جدہ سے کراچی کے بجائے اسلام آباد بھیج دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں شدید دھند، موٹرویز بند، این ڈی ایم اے الرٹ جاری
ترجمان پی اے اے نے مزید کہا کہ محدود حد نگاہ میں پروازوں کی منتقلی معمول کا حفاظتی اقدام ہے۔




