آزاد کشمیر کی سرحدی پہاڑی وادی لیپہ میں طویل خشک سالی کے بعد بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی صورتحال میں واضح بہتری آ رہی ہے۔ خشک سالی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات اور فضائی آلودگی نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا تھا، تاہم حالیہ بارشوں کے بعد آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جبکہ فضا بھی صاف ہو گئی ہے۔
محکمہ شاہرات کے مطابق لیپہ ریشیاں روڈ اس وقت ٹریفک کے لیے بحال ہے، تاہم ممکنہ برفباری کے پیش نظر احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے، جسے ماہرین جنگلات، فصلوں اور آبی ذخائر کے لیے مفید قرار دے رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے حالیہ بارشوں کو قدرت کی رحمت قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔برفباری کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی کشمیر کا رخ کر رہی ہے، جس سے علاقے میں رونقیں بحال ہو رہی ہیں۔
بلوچستان میں بارشوں کا آغاز، سردی کی شدت میں اضافہ:
بلوچستان میں طویل انتظار کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں موسم یکسر تبدیل ہو گیا اور سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارش کے بعد کئی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے لگیں جبکہ درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح چمن، پنجگور، قلات، لورالائی، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد سرد ہوائیں چلنے لگیں اور شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے شمالی زیارت اور ملحقہ علاقوں میں مزید بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جس سے آئندہ دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چمن شہر اور گردونواح میں بارش ، کھمبے، دیواریں گر گئیں ، درخت اکھڑ گئے ، بجلی معطل
پنجاب، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش:
پنجاب کے شہر سرگودھا میں بوندا باندی کے بعد موسم سرد ہو گیا ہے اور شہریوں نے سردی کی شدت میں اضافے کی شکایت کی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی، بعض مقامات پر ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبر پختونخوا میں برفباری، سیاحوں کی آمد:
خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ وادی سوات کے سیاحتی مقامات مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی کی لہر پھیل گئی ہے۔ برفباری کے دلکش مناظر دیکھنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے سیاح بڑی تعداد میں وادی سوات پہنچ رہے ہیں، جس سے مقامی ہوٹلوں اور سیاحتی مقامات پر رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر،گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری،مختلف علاقوں میں بارش کا امکان
ہری پور اور ایبٹ آباد میں بارش:
خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں طویل خشک سالی کے بعد بارش کا آغاز ہوا ہے۔ ہری پور، تحصیل خانپور اور غازی میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کسانوں کے مطابق یہ بارش گندم اور دیگر فصلوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ اسی طرح ایبٹ آباد اور اس کے گردونواح میں بھی ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔




