بالاکوٹ اور گردونواح میں برف باری کا سلسلہ جاری

بالاکوٹ اور اس کے گردونواح میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور برف باری کے باعث پورا علاقہ سردی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ بلند و بالا پہاڑ، وادیاں اور جنگلات برف سے ڈھک گئے ہیں جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کی سختی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ برف باری کے اس سلسلے نے نہ صرف حسنِ فطرت کو دوبالا کر دیا ہے بلکہ روزمرہ معمولات بھی متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر 2025 کے دوران بارش، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوا جو 20 دسمبر کو ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر مختلف صوبوں اور علاقوں میں موسم کی صورتحال متاثر ہونے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 19 دسمبر کی شام سے 20 دسمبر تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، واشک، چاغی، خاران اور قلات میں بارش اور آندھی کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سردی کی نئی لہر ، این ڈی ایم اے کا بارش و برف باری سے متعلق الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں 20 دسمبر کی رات سے 22 دسمبر تک چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور بالائی علاقوں میں معتدل برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں 20 دسمبر کی رات سے 23 دسمبر کی صبح تک گلگت، دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، شگر، گانچھے، نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش کے ساتھ معتدل سے کہیں زیادہ برف باری متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں 20 دسمبر کی شام سے 21 دسمبر تک اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن، میانوالی، بھکر، نورپور تھل اور لیہ میں بارش اور آندھی کا امکان ہے جبکہ مری اور گلیات میں برف باری متوقع ہے۔ وسطی پنجاب کے کئی اضلاع میں بوندا باندی اور ابر آلود موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالاکوٹ اور گردونواح میں برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، نیلم ویلی، باغ، پونچھ اور حویلی میں برف باری کے باعث سڑکیں بند اور پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب جبکہ بالائی سندھ میں اس دوران اسموگ اور دھند برقرار رہنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top