اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ سے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام اور تصویر ہٹا دی گئی ہے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے نئی کاز لسٹ اور روسٹر بھی جاری کر دیا ہے، جس میں جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نام سابق ججز کی لسٹ میں بھی شامل نہیں ہے ۔
ذرائع کے مطابق، اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی ججز سنیارٹی لسٹ بھی جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ طارق جہانگیری کو چند روز قبل فنانشل انسٹیٹیوشنز سے متعلق سپیشل بنچز میں شامل کیا گیا تھا ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف جعلی ڈگری کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بطور جج نااہل قرار دیا تھا ۔
عدالتی فیصلے کے مطابق، بطور جج تعیناتی کے وقت ان کے پاس درست ایل ایل بی ڈگری موجود نہیں تھی، اور اس بنیاد پر ان کی تعیناتی غیر قانونی تھی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شفاف عدلیہ کی جانب بڑا قدم، طارق محمود جہانگیری جج کے عہدے کے لیے نا اہل قرار
عدالت نے کہا کہ طارق محمود جہانگیری بطور جج عہدہ رکھنے کے اہل نہیں تھے اور وزارت قانون کو ہدایت دی گئی ہے کہ انہیں بطور جج ڈی نوٹیفائی کیا جائے ۔
سماعت کے دوران کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار نے ایل ایل بی کی اصل ریکارڈ عدالت میں پیش کی، جبکہ جسٹس طارق جہانگیری خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔
رجسٹرار کے مطابق، طارق جہانگیری امتحان کے دوران نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے اور ایگزامنر کو دھمکیاں دینے کی وجہ سے ان پر تین سال کی پابندی عائد کی گئی تھی ۔
مزید بتایا گیا کہ انہوں نے ایل ایل بی کے امتحانات جعلی انرولمنٹ فارم کے ذریعے دیے اور مختلف مراحل میں اپنا نام اور ولدیت تبدیل کی ۔
رجسٹرار کے مطابق ایل ایل بی پارٹ ون میں ان کا نام ’’طارق جہانگیری ولد محمد اکرم ‘‘ اور پارٹ ٹو میں “طارق محمود ولد قاضی محمد اکرم” درج تھا، جبکہ انرولمنٹ نمبر بھی جعلی تھا ۔




