پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید ارجنٹینا سے وطن واپسی کے دوران مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کے الزام کے بعد آف لوڈ کر دئیے گئے ۔
ذرائع کے مطابق قومی اسکواڈ ارجنٹینا سے واپس آ رہا تھا اور برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رُکا۔ اس دوران بتایا گیا کہ انجم سعید نے جہاز پر سگریٹ نوشی کی، جس پر جہاز کے عملے نے شکایت کی اور سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں جہاز سے اتار دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہےاسکواڈ کے دیگر ارکان نے انجم سعید کے حق میں منت سماجت کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے سخت قوانین کے تحت کسی رعایت سے کام نہیں لیا ۔
انجم سعید اور ایک کھلاڑی کے علاوہ باقی تمام اسکواڈ وطن واپس روانہ ہوگیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انجم سعید پر جرمانہ بھی کیا گیا اور معاملہ صرف جرمانے تک محدود رہا، تاہم اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوشش بھی کی گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ کی تیاری : پاکستانی کرکٹرز نےبگ بیش لیگ چھوڑنے کا عندیہ دے دیا
دوسری جانب انجم سعید نے اس واقعے کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔ ان کے مطابق وہ وطن واپسی کے دوران دبئی میں ایک کھلاڑی کے ساتھ کام کے سلسلے میں رکے تھے اور سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں بغیر وجہ کے نشانہ نہیں بنایا ۔
واضح رہے کہ قومی اسکواڈ دو دن قبل وطن واپس پہنچ چکا تھا ، جبکہ انجم سعید اور ایک کھلاڑی گزشتہ شب وطن واپس آئے۔ واقعے کی وجہ سے ہاکی ٹیم کے اندر کشیدگی پیدا ہوئی، مگر معاملہ جرمانے کے بعد ختم ہوگیا ۔
اس واقعے نے پاکستان ہاکی ٹیم کے انتظامی عمل اور ٹرانزٹ کے دوران قوانین کے نفاذ پر سوالات بھی پیدا کر دیے ہیں ، اور یہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں میں سکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی بھی عہدے یا حیثیت کے باوجود سختی سے نافذ کی جاتی ہے ۔




