اسلام آباد :ایئرپورٹ پر ڈرائیونگ ویزے پر سعودی عرب روانگی کے دوران لائسنس نہ ہونے کی وجہ سے آف لوڈ کیاجا نے والا نوجوان محمد طفیل بالآخر سعودی عرب پہنچ گیا ۔
نوجوان نے محض 18 دن کے تھوڑے عرصے میں ڈرائیونگ سیکھ کر ڈرائیونگ لائسنس بھی حاصل کر لیا، جس کے بعد اس کی روانگی ممکن ہو سکی ۔
محمد طفیل کو رواں ماہ کےشروع میں اس وقت روکا گیا تھا جب وہ ڈرائیونگ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے لیکن اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود تھا اور نہ ہی وہ گاڑی چلانے کی بنیادی مہارت رکھتے تھا ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایئرپورٹ کے دورے کے دوران نوجوان سے گفتگو کی تھی ، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی ۔ وزیر داخلہ نے نوجوان سے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ ڈرائیونگ سیکھ کر لائسنس بنوا لے تو اس کی سعودی عرب روانگی کو یقینی بنایا جا ئیگا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش ، بچپن کے دو غریب دوستوں کو کروڑوں کا ہیرا مل گیا
بعد ازاں محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر محمد طفیل کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ، جس میں نوجوان نے دعویٰ کیا کہ اس نے تمام ضروری دستاویزات مکمل کر لی ہیں، ڈرائیونگ سیکھ لی ہے اور لائسنس بھی حاصل کر لیا ہے ۔
محمد طفیل نے بتایا کہ ان کا ٹکٹ بھی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خود خرید کر دیا اور تمام قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد وہ سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں ۔ اس موقع پر نوجوان نے وزیر داخلہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
محمد طفیل کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا ءسامنے آ رہی ہیں ۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ چند دنوں میں لائسنس جاری ہونے کی وجہ سے ہی پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بیرون ملک قابل قبول نہیں ہوتے ۔
کچھ افراد نے حیرت کا اظہار کیا کہ جو نوجوان چند ہفتے قبل ڈرائیونگ سے نابلد تھا ، اسے اتنے کم عرصے میں لائسنس کیسے جاری کر دیا گیا ۔




