ڈھاکہ/سنگاپور: بنگلہ دیش کی 2024 کی طلبہ تحریک کے اہم رہنماعثمان ہادی جو قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے کے بعد علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیے گئے تھےہسپتال میں انتقال کر گئے جس کے بعد بنگلہ دیش میں بھارت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔
بنگلہ دیش کےدارالحکومت میں طلبہ نے 2اخباروں کے دفاتر نذر آتش کردیئے ہیں جبکہ چٹاگانگ میں بھارتی قونصلیٹ پر دھاوا بولا گیا ہے اور شدید پتھرائو بھی کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنگاپور کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹروں کی بہترین کوششوں کے باوجودعثمان ہادی اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر بڑااحتجاجی مظاہرہ، مودی سرکار کو انتباہ دیدیا
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے 15 دسمبر کو شریف عثمان ہادی کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد علاج کے لیے سنگاپور بھیجا تھا۔
پچھلے جمعے کو نقاب پوش حملہ آوروں نے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک مسجد سے نکلتے ہوئے شریف عثمان پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں وہ کان میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
یہ فائرنگ اس اعلان کے ایک دن بعد ہوئی جب حکام نے طلبہ کی قیادت میں ہونے والی اس تحریک کے بعد پہلے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا تھاجس نے شیخ حسینہ کی آمرانہ حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔
شریف عثمان ہادی طلبہ کی احتجاجی تنظیم انقلاب منچا کے سینئر رہنما تھے اور انڈیا کے سخت ناقد رہے ہیںاور ممکنہ طور پر بھارت نے ان کو نشانہ بنوایا ہے ۔
گزشتہ دنوں بنگلہ دیش میں شریف عثمان ہادی پر حملے اور انڈیا کی جانب سے شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کے حوالے نہ کرنے کے خلاف احجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق ہادی کی موت کی خبر کے فوراً بعد سیکڑوں مشتعل مظاہرین ڈھاکہ اور ملک کے دیگر حصوں کی سڑکوں پر نکل آئے اور انڈیا کیخلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
طلبہ نے ڈھاکہ کے کاروان بازار علاقے میں ملک کے معروف بنگالی زبان کے روزنامہ پرتھم الو کے ہیڈ آفس کے باہر شدید احتجاج کیا اور عمارت کو آگ لگادی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے بغیر پاکستان کے ساتھ علاقائی اتحاد ممکن ہے:بنگلہ دیش
ملک کے کلر کانتھا اخبار کی فوٹیج کے مطابق چند سو گز کے فاصلے پر مظاہرین کے ایک اور گروپ نے ڈیلی سٹار کے احاطے میں گھس کر عمارت کو آگ لگا دی۔
مظاہرین کے مطابق یہ دونوں میڈیا ادارے بھارتی پراکسی کے طور پر کام کررہے تھے۔ادھر چٹاگانگ میں بھارتی قونصلیٹ پر طلبہ نے پتھرائو کیا ہے۔
احتجاجی مظاہرین کی جانب سے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے اور حالات انتہائی کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔




