صائمہ پروین

پبلک پارک برنالہ:صحت مند معاشرے اور مہذب شہر کیلئے ناگزیر

تحریر: صائمہ پروین

 

کسی بھی شہر کی شناخت صرف اس کی عمارتوں، بازاروں اور سڑکوں سے نہیں ہوتی بلکہ اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ وہاں کے باسیوں کو سکون، تفریح اور سانس لینے کے لیے کھلی جگہیں میسر ہیں یا نہیں۔ بدقسمتی سے برنالہ جیسے ابھرتے ہوئے شہری مرکز میں آج تک ایک معیاری اور باقاعدہ پبلک پارک کا قیام عمل میں نہیں آ سکا، جو لمحۂ فکریہ ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کے جزیرہ ہرمز میں بارش کے بعد ساحلی زمین سرخ رنگ میں بدل گئی

برنالہ کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، رہائشی آبادی پھیل رہی ہے اور ٹریفک و تجارتی دباؤ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے، مگر اس کے برعکس شہریوں کے لیے سبزہ، کھلی فضا اور تفریحی مقامات تقریباً ناپید ہیں۔ بچے کھیلنے کے لیے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں، بزرگوں کے لیے سیر و تفریح کی کوئی محفوظ جگہ موجود نہیں، جبکہ خواتین اور خاندانوں کے لیے تو صورتِ حال مزید تشویشناک ہے۔

پبلک پارک کسی شہر کی عیاشی نہیں بلکہ ایک بنیادی شہری ضرورت ہوتا ہے۔ ایک معیاری پارک، شہریوں کو ذہنی دباؤ اور معاشرتی تناؤ سے نجات دیتا ہے۔ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہر کے درجۂ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے اور خاندانی و سماجی روابط کو مضبوط بناتا ہے۔

یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ جہاں سبزہ اور کھلی جگہیں میسر ہوں وہاں جرائم، بے چینی اور معاشرتی بگاڑ میں نمایاں کمی آتی ہے۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ برنالہ میں برسوں سے پبلک پارک کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، مگر ہر دور میں یہ مسئلہ نظر انداز ہوتا رہا۔ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر سڑکیں اور عمارتیں تو بنیں، مگر انسانی ضرورتوں کو ہمیشہ پسِ پشت ڈالا گیا۔ نتیجتاً شہری ایک ایسے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جہاں نہ بچوں کے لیے محفوظ کھیل کے میدان ہیں اور نہ خاندانوں کے لیے پرامن تفریحی مقامات۔

چونکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے چارٹر آف ڈیمانڈز کی شق نمبر 38 مقامی کمیٹی کو مقامی مسائل شامل کرنے کا اختیار دیتی ہے، اس لیے پبلک پارک برنالہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جانا ناگزیر ہے۔ وفاق سے فنڈز کی فراہمی کے آغاز کے بعد یہ بہترین موقع ہے کہ اس بنیادی ضرورت کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

عوامی ایکشن کمیٹی برنالہ کی قیادت سے یہ پُرزور اپیل ہے کہ وہ پبلک پارک کے قیام کے مسئلے کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت کے سامنے رکھے اور اسے باقاعدہ چارٹر آف ڈیمانڈز کا حصہ بنوائے۔ لہذا ہم اہلیانِ برنالہ مطالبہ کرتے ہیں کہ:
1. شہر میں مناسب اور قابلِ رسائی مقام پر پبلک پارک کے لیے زمین مختص کی جائے۔

2. پارک کو جدید سہولیات جیسے واک ٹریک، بچوں کے جھولے، فیملی ایریا اور شجرکاری کے ساتھ تعمیر کیا جائے۔

3. پارک کی دیکھ بھال اور سیکیورٹی کے لیے مستقل نظام وضع کیا جائے۔

اگر برنالہ کو واقعی ایک مہذب، صحت مند اور رہنے کے قابل شہر بنانا ہے تو پبلک پارک کا قیام ناگزیر ہے۔ یہ منصوبہ کسی طبقے یا جماعت کے لیے نہیں بلکہ ہر شہری کے لیے ہے۔ اب وقت آ چکا ہے کہ شہر کو صرف کنکریٹ کا جنگل بنانے کے بجائے انسان دوست ترقی کی جانب قدم بڑھایا جائے۔

Scroll to Top