فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ لیبیا، فوجی قیادت سے اہم ملاقاتیں

چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) اور چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، نے اپنے سرکاری دورۂ لیبیا کے دوران لیبیا کی اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، لیبیا پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو لیبیائی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، اس دورے کے دوران پاکستانی آرمی چیف نے فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر، کمانڈر اِن چیف لیبیائی عرب مسلح افواج، اور لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر، ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیبیائی عرب مسلح افواج سے ملاقاتیں کیں۔

فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے اس امر پر زور دیا گیا کہ تربیت، استعداد کار میں بہتری اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز کے امریکا دورے کی خبریں رائٹرز کی رپورٹ میں من گھڑت

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق، فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top