پیٹرولیم

پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی سے متعلق آئندہ پانچ سال کا منصوبہ سامنے آ گیا

اسلام آباد (18 دسمبر 2025): آئندہ پانچ سال تک عوام کو پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو اگلے پانچ سالوں کے لیے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی وصولیوں کے تخمینے پیش کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جمع کرائی گئی دستاویزات میں یکم جولائی 2026 سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں فی لیٹر 2.5 روپے کے اضافے کی تجویز بھی شامل ہے، جبکہ ہر آنے والے مالی سال کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کی وصولیوں میں اضافے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں 1,468 ارب روپے متوقع ہیں، جبکہ مالی سال 2026-27 کے لیے یہ تخمینہ 1,638 ارب روپے رکھا گیا ہے۔ مالی سال 2027-28 کے لیے وصولیوں کا ہدف 1,787 ارب روپے، مالی سال 2028-29 کے لیے 1,989 ارب روپے اور مالی سال 2029-30 کے لیے پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں 2,212 ارب روپے تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم قیمتوں میں ردوبدل،ڈیزل 14 روپے سستا، نوٹیفکیشن جاری

رپورٹ میں شامل تاریخی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں 1,220 ارب روپے تھیں، 2023-24 میں یہ رقم 1,019 ارب روپے جبکہ 2022-23 میں 580 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھیں۔

دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت پیٹرول پر 79.62 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 75.41 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے، جبکہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی 2.5 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر الگ سے لاگو ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے امکانات

گزشتہ پندرہ روزہ جائزے میں حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 263.45 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14 روپے کمی کے بعد 265.65 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی۔

Scroll to Top