10 ماہ میں 8 جنگیں رکوائیں، وہ کیا جو کوئی نہ کرسکا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے 10 ماہ کے عرصے میں 8 جنگیں رکوائیں اور وہ اقدامات کیے جو اس سے قبل کوئی نہیں کرسکا۔ واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل امریکا کی حالت انتہائی کمزور تھی اور ملک ناکامیوں کے دہانے پر کھڑا تھا، تاہم ایک سال کے اندر جو کامیابیاں حاصل کی گئیں، وہ ماضی میں کسی بھی حکومت کے حصے میں نہیں آئیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ان کی انتظامیہ نے مختصر مدت میں اہم اور بڑے فیصلے کیے، جن کے نتیجے میں 10 ماہ کے دوران 8 جنگیں رکوانا ممکن ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ کامیابی ہے جسے حاصل کرنا اس سے پہلے کسی کے لیے ممکن نہ تھا۔

امریکی صدر نے سابق صدر جو بائیڈن کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن پالیسیاں دوبارہ نافذ ہونے نہیں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن کے دور میں غیرقانونی امیگرینٹس نے نوکریاں حاصل کیں، تاہم موجودہ انتظامیہ کے دور میں تمام نئی نوکریاں امریکا میں پیدا ہونے والے افراد کو دی گئیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق یہ تبدیلی ان کی حکومت کی واضح پالیسی اور ترجیحات کا نتیجہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے مزید 20 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں کرپٹ نظام ختم کرنے کے لیے بھاری مینڈیٹ ملا ہے اور اسی مینڈیٹ کی بنیاد پر اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں غیرقانونی آمدورفت کا سلسلہ بند کردیا گیا ہے، جو ان کی حکومت کی بڑی کامیابیوں میں شامل ہے۔

امریکی صدر نے اپنے خطاب میں یہ بھی بتایا کہ منشیات کی امریکا میں زمین اور سمندر کے راستے آمد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق منشیات کی اسمگلنگ 94 فیصد تک کم کردی گئی ہے، جو حکومتی اقدامات کی مؤثریت کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سڈنی حملہ خوفناک، حملہ آور کو روکنے والا شخص بہادر ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کی کارکردگی ایک سال کے اندر واضح طور پر سامنے آچکی ہے اور جو اقدامات کیے گئے ہیں، وہ امریکا کے مفاد میں ہیں۔ ان کے بقول ایک سال میں وہ اہداف حاصل کیے گئے جنہیں ماضی میں ممکن نہیں سمجھا جاتا تھا، اور ان کامیابیوں کی بنیاد پر آئندہ بھی پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

Scroll to Top