کشمیر بھارت کا نہ کبھی تھا اور نہ ہوگا:پاکستانی قونصلر گل قیصر سروانی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے قونصلر گل قیصر سروانی نے بھارت کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہی ہوگا۔ انہوں نے بھارتی نمائندے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور اس کی حیثیت پر کسی قسم کا ابہام موجود نہیں۔

پاکستانی قونصلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کی کھلی سرپرستی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف بارہا جارحیت کا مرتکب بھی بھارت ہی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست کا یہ طرزِ عمل ایک روگ ایکٹر (rogue actor) کی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

گل قیصر سروانی نے مزید کہا کہ شواہد موجود ہیں جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروپوں میں تحریک طالبان پاکستان اور بلوچ لبریشن آرمی شامل ہیں۔ ان گروپوں نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں متعدد حملے کیے ہیں، جن کے واضح ثبوت دستیاب ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بارہا جارحیت کی گئی ہے، جو نہ صرف بین الاقوامی قانون بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی قونصلر نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے اقدامات عالمی اصولوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے متصادم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں پراپرٹی خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری

اپنے بیان میں پاکستانی نمائندے نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی بند کرے اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس سنگین معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارتی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے گل قیصر سروانی نے کہا کہ بھارت دانستہ طور پر حقائق کو مسخ کر رہا ہے اور ایک بین الاقوامی معاہدے کی غلط تشریح کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی شق میں یکطرفہ معطلی یا ترمیم کی اجازت نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی قطب تک اسکینگ، کوہ پیما ثمینہ بیگ نے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستانی قونصلر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی عالمی نظام کے لیے خطرناک مثال قائم کرتی ہے اور اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان کا مؤقف پوری وضاحت کے ساتھ پیش کیا اور بھارت کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔

Scroll to Top