مظفرآباد: کوہالہ انٹری پوائنٹ پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ناکہ بندی کرکے ٹیمپرڈ دہی کی گاڑی پکڑلی۔
فود اتھارٹی مظفرآباد نے رات گئے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر معمول کی چیکنگ کیلئے ناکہ قائم کر رکھا تھا۔
ناکہ بندی کے دوران شہر میں داخل ہونے والی خوراک بردار گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی تھی تاکہ غیر معیاری اور مضرصحت اشیاء کی ترسیل کو روکا جا سکے۔
چیکنگ کے دوران ایک گاڑی میں موجود دہی مشکوک پایا گیاجس پر ٹیم نے فوری طور پر تفصیلی معائنہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی مظفرآباد ان ایکشن، 15 لیٹر مضر صحت دودھ تلف
معائنے سے ثابت ہوا کہ دہی ایکسپائر ہو چکا تھا اور اس کی ایکسپائری ڈیٹ میں ٹیمپرنگ کر کے اسے قابلِ استعمال ظاہر کیا گیا تھا، جس کی تصدیق پیکنگ پر درج تاریخ سے ہوتی ہے۔
کارروائی میں اسسٹنٹ فود کنٹرولر راجہ حنیف اور متعلقہ چوکی آفیسر سب انسپکٹر منیر نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ حصہ لیا جبکہ ضبط شدہ دہی کو مزید قانونی کارروائی کیلئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا اور عوامی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فود اتھارٹی کی نگرانی اور چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی کو خوراک سے متعلق شکایت ہو تو وہ فوری طور پر ہیلپ لائن 1280 پر شکایت درج کروائیں، فود اتھارٹی بروقت کارروائی عمل میں لائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں فروخت ہونیوالا 6برانڈز کا گھی غیرمعیاری قرار
یاد رہے کہ آزادکشمیر میں ہمیشہ سے مافیا غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔



