راولاکوٹ: جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور پونچھ انتظامیہ کے مابین مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بجلی لوڈشیڈنگ خاتمے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ ڈویژن کے بجلی کی لوڈ شیڈ نگ اور دیگر مسائل کے حوالے سے احتجاج اور دھرنوں کے بعدایکشن کمیٹی کے ممبران سے پونچھ انتظامیہ ، محکمہ برقیات اور واپڈا کی مشتر کہ کمیٹی سے مذاکرات کئے۔
مذاکرات میں طے پایا کہ فوری طور پر عوام کو سہولت دینے کے پیش نظر 22دسمبر2025تک ٹاور کی مکمل تنصیب اور فعالیت تک شہری علاقوں میں 3سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جائے گی جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 سے 16 گھنٹوں پر مشتمل ہوگا جس کا شیڈول جاری کیا جائیگا۔
کسی بھی فنی خرابی کو استثنیٰ حاصل ہوگاجبکہ ٹاور کی تنصیب و فعالیت کے بعد علاقے کو22دسمبر2025سے لوڈ شیڈنگ سے ممکنہ حد تک مستثنیٰ کر دیا جائے گا اور لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے گی۔
معاہدہ کے تحت منگ گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن کے معاملات کو یکسو کرتے ہوئے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
منگ تھوراڑ اور ٹائیں فیڈر کی اوور لوڈنگ کے مسئلہ کو حل کرنے کے لیے اندر ایک ہفتہ موقع ملاحظہ کرکے قابل عمل حل متعلقہ عملہ تجویز کریگا جسکی نگرانی ایکسین برقیات پونچھ خود کریں گے۔
گرڈسیشن پلندری کو 10/13 سے اپ گریڈ کر کے ڈیل کرتے ہوئے 20/26 کر دیا گیا ہے۔
راولا کوٹ گرڈسیشن کی استعداد 180 سے ڈیل کر کے 360 کر دی ہے جبکہ بقیہ 03 عدد فیڈر کی استعداد کار کے لیے سیٹیز کی تبدیلی عمل میں لائی جائے گی۔
راولا کوٹ گرڈ پر 2 مزید فیڈرز کی تنصیب کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے بعد 2عدد نئے فیڈرز (ہور نہ میرہ وچھوٹا گلہ) نصب کیے جائیں گے۔
محکمہ برقیات کے جملہ سب ڈویژن میں Reclaim کے تحت ٹرانسفارمر کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ نامنظور،عوامی ایکشن کمیٹی پونچھ کا شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان
معاہدہ کے تحت میٹرفیس کے سرکاری نرخ اندر 5 ایام دفاتر کی نمایاں جگہ پر نصب کی جائیں گے اور محکمہ کی طرف سے سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کی جائے گی۔
وفاقی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ 10 ارب روپے گرانٹ کے عوض ٹرانسفارمرز و دیگر آلات محکمہ قطعی ضرورت کی بنیاد پر منصفانہ بنیاد پردیگا۔
معاہدہ کے مطابق ٹرانسفامرز کی مرمتی کے عوض عوام سے جو غیر قانونی رقم کی وصولی کی شکایت ہے اس کا مکمل سد باب کیا جائے گا اور ٹرانسفارمر کی مرمتی کے مکمل اخراجات محکمہ خود کرے گا۔
دفتر چیف انجینئر برقیات کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا،محکمہ برقیات کے ملازمین کی بھرتیاں تحت ضابطہ تھرڈ پارٹی ایکٹ کے تحت عمل میں لائی جائیں گی۔
معاہدہ میں طے پایا ہے کہ لوڈ کے نام پر کمرشل نوٹسز سے چھوٹے تاجرودکاندار مستثنیٰ ہوں گے۔
معاہدہ میں آٹے کی کوالٹی کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لیے محکمہ خوارک کی سطح پر عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
موبائل ٹاورز کو بیٹری وسولرزپر منتقلی کی ہدایت کر دی گئی ہے جس کے بعد موبائل سروس میں بہتری ہو جائے گی۔
کشمیری صحافی سہراب برکت کی گرفتاری کے معاملے کا جائزہ لیا گیا جو متعلقہ عدالت میں زیر کار ہے۔ معاہدہ پر ڈپٹی کمشنر پونچھ، ایکسین برقیات ودیگر افسران نے دستخط کئے ہیں۔




