مظفرآباد میں پی ایس ایل 11 کے میچز، پی سی بی کے بڑے منصوبے منظور

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایڈیشن 11 کے میچز مظفرآباد میں کرانے کا عزم ظاہر کیا ہے، اور بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری بھی دے دی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے کہا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 11 کے میچز کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، جس سے ملک میں کرکٹ کے نئے مراکز کو فروغ دینے کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔

منگل کو میڈیا پر سامنے آنے والے بیان کے مطابق، پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اہم ترقیاتی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ بورڈ نے لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ ایل سی سی اے گراؤنڈ کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا پی ایس ایل میچز آزادکشمیر میں کروانے کا اعلان، بھارت میں کھلبلی

اجلاس کے دوران بورڈ کے ارکان نے لندن اور نیویارک میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پر چیئرمین محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو سراہا اور اسے لیگ کے عالمی فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورۂ پاکستان کو جاری رکھنے میں چیئرمین کی ذاتی کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور ان کے اعزاز میں ایک قرارداد بھی منظور کی۔

یہ بھی پڑھیں:انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان منگل کو یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گا

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے دورے کے کامیاب انعقاد کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، نہ کہ کسی ایک فرد کو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی پی سی بی اور پوری پی ایس ایل ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں مستقبل میں بین الاقوامی میچز بھی کرائے جائیں گے۔

Scroll to Top