انڈر 19 ایشیا کپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے متحدہ عرب امارات میں جاری ہیں، جہاں گروپ مرحلے کے میچز کے بعد سیمی فائنل کی تصویر واضح ہونا شروع ہو گئی ہے۔ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز بنگلہ دیش اور سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ افغانستان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق، بھارت کے خلاف گزشتہ میچ میں شکست کا سامنا کرنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم منگل کے روز یو اے ای کے خلاف میدان میں اترے گی۔ پاکستانی ٹیم اس میچ میں فتح کے ذریعے ایونٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کرے گی۔ اسی روز بلو شرٹس کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا، جسے گروپ مرحلے میں اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز گروپ بی کے آٹھویں میچ میں نیپال اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ نیپالی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 31.1 اوورز میں 130 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیپال کی بیٹنگ لائن ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار نظر آئی۔ اوپنر ساحل پٹیل 18 اور نراج کمار یادو 14 رنز بنا سکے۔ مڈل آرڈر میں ابھیشیک تیواری نے 30 اور وکٹ کیپر آشش لوہار نے 23 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے محمد صبوج نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعد اسلام، عزیز الحکیم اور شہریار احمد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
یہ بھی پڑھیں:بگ بیش لیگ میں سب سے مہنگے 4 قومی کرکٹرز کے نام سامنے آگئے
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا۔ زواد ابرار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر ناقابل شکست 70 رنز بنائے، جبکہ کلام صدیقی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے 24.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
دوسرے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 235 رنز بنائے۔ عثمان سادات 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عزیز اللہ نے 31، نورستان عمرزئی نے 29، جبکہ کپتان محبوب خان اور عزیر اللہ نے 25، 25 رنز اسکور کیے۔ سری لنکا کی جانب سے سیتمیکا اور ڈلنتھ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں:بگ بیش لیگ، شاہین آفریدی کا مایوس کن ڈیبیو، بولنگ سے روک دیا گیا
جواب میں سری لنکا نے ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ ویرن چمودیتا نے 62 رنز بنائے، چمیکا 51 رنز پر ناقابل شکست رہے اور کویجہ گاما جی نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے نورستان عمرزئی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں ان نتائج کے بعد بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جبکہ افغانستان کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔




