امریکی خاتون پاکستانی نوجوان کی محبت میں ناکامی کے بعددبئی میں گرفتار ، وطن واپسی بھی معمہ بن گئی

دبئی : پاکستان آنے والی امریکی خاتون کی کہانی ایک نیا موڑ لے چکی ہے جہاں وطن واپسی کے بجائے وہ دبئی میں پھنس گئی ہیں اور اب انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہری اونیجا اینڈریو رابنسن ایک پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر کراچی میں تقریباً چار ماہ تک قیام پذیر رہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں جب وہ امریکا واپس جانے کے لیے روانہ ہوئیں تو انہوں نے راستے میں ہی اپنا فیصلہ بدل دیا۔ وہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 7 فروری کو اماراتی ایئرلائن ای کے 603 کے ذریعے دبئی پہنچیں جہاں انہیں آگے نیویارک کے لیے ای کے 203 پرواز لینی تھی مگر انہوں نے سفر جاری رکھنے کے بجائے دبئی میں قیام کا فیصلہ کیا۔

دبئی میں ان کی موجودگی کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے لگیں جس کے بعد ان کے اہل خانہ نے تشویش کا اظہار کیا۔ نیویارک میں مقیم ان کے عزیز انتظار کرتے رہےمگر جب وہ وہاں نہیں پہنچیں تو امریکی حکام نے ان کی تلاش شروع کردی۔ امریکی اداروں نے اماراتی حکام سے رابطہ کیا جس کے نتیجے میں دبئی پولیس نے ان کی نقل و حرکت محدود کر کے انہیں حفاظتی تحویل میں لے لیا ہے۔

تاہم اب مسئلہ یہ پیدا ہو گیا ہے کہ اونیجا رابنسن کو امریکا بھیجنا ایک پیچیدہ معاملہ بن چکا ہے۔ چونکہ انہوں نے کسی قانونی خلاف ورزی کا ارتکاب نہیں کیا اوروہ وزٹ ویزا پر دبئی میں موجود ہیں اس لیے انہیں زبردستی ڈی پورٹ نہیں کیا جا سکتا۔ مزید برآں اگر انہیں ڈی پورٹ کرنے کی کوشش کی جائے تو کوئی بھی ایئرلائن یا پائلٹ انہیں 15 گھنٹے طویل پرواز میں سکیورٹی وجوہات کی بناء پر لے جانے پر رضامند نہیں کیونکہ انہیں ’غیر معمولی رویے‘ کی حامل مسافر تصور کیا جا رہا ہے۔

یہ معاملہ اماراتی اور امریکی حکام کے درمیان زیر بحث ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا اونیجا رابنسن کو رضا کارانہ طور پر وطن واپسی کے لیے قائل کیا جا سکتا ہے یا پھر اس صورتحال کا کوئی اور حل نکالا جائے گا۔

Scroll to Top