سردیوں کے موسم میں گرم چائے کے کپ سے زیادہ آرام دہ اور راحت بخش چیز کم ہی ملتی ہے۔ تازہ اور خوشبودار چائے نہ صرف جسم کو حرارت فراہم کرتی ہے بلکہ صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد رکھتی ہے۔ ماہرین کے مطابق سردیوں میں چائے میں چھوٹا سا مصالحہ لونگ شامل کرنا نہ صرف ذائقے کو بڑھاتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔
لونگ معدے کے ہاضمے کو بہتر بناتا ہے اور پیٹ میں جلن یا گیس کی تکلیف کو کم کرنے میں مددگار ہے۔ یہ گلے کی خشکی اور خراش کو دور کرنے کے لیے بھی مفید ہے اور منہ کی بدبو ختم کرنے کے ساتھ مسوڑھوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں بھی موثر ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں جراثیم کش خصوصیات موجود ہیں۔
مزید برآں، لونگ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہے، جو جسم میں آکسیڈیٹیو نقصان کو کم کر کے مختلف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔ لونگ مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے اور جسم کو بیماریوں سے لڑنے کی طاقت فراہم کرتی ہے۔ چھوٹی مقدار میں استعمال کرنے سے غذائی ریشہ، وٹامنز اور منگنیز جیسی معدنیات بھی حاصل ہوتی ہیں، جو دماغی صحت اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:الارم بجنے سے پہلے آنکھ کیوں کھل جاتی ہے؟ محققین نے راز بتا دیا
تحقیقات کے مطابق لونگ خون میں شوگر کے لیول کو قابو میں رکھنے، ہڈیوں کی صحت بہتر بنانے اور معدے کے السر کو کم کرنے میں بھی مددگار ہو سکتی ہے۔ لونگ کے استعمال سے جسم میں توانائی بڑھتی ہے اور چھوٹی موٹی صحت کی تکالیف جیسے ہاضمے کی خرابی، گلے کی خشکی اور منہ کی بدبو دور رہتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ سردیوں میں چائے میں لونگ شامل کرنے سے نہ صرف جسم کو سکون اور توانائی حاصل ہوتی ہے بلکہ یہ چھوٹی موٹی صحت کے مسائل کو بھی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ چائے میں لونگ کو شامل کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ چند لونگ کے دانے چائے میں ڈال کر ابالیں، جس سے نہ صرف ذائقہ بڑھتا ہے بلکہ صحت کے لیے فائدے بھی حاصل ہوتے ہیں۔




