بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی نئی کارروائی، کواڈ کاپٹر گرنے سے3 کم عمر لڑکے شہید، ایک زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک نیا اور خطرناک طریقہ اختیار کر لیا ہے۔ ہفتے کے روز بنوں کے علاقے مامند خیل میں رہائشی آبادی کے قریب فتنہ الخوارج کی جانب سے استعمال کیا جانے والا ایک کواڈ کاپٹر گر گیا، جس کے نتیجے میں تین کم عمر شہری شہید جبکہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مامند خیل کے علاقے میں اچانک کواڈ کاپٹر زمین پر آ گرا، جس کے فوراً بعد شدید دھماکے کی آواز سنی گئی۔ اس واقعے میں 16 سالہ فیصل، 20 سالہ ابرار اور 12 سالہ محمد موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ 9 سالہ محمد ایمن شدید زخمی ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ زخمی بچے کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقے میں موجود شہریوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر جمع ہو گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کواڈ کاپٹر کی نوعیت، استعمال اور اس کے ماخذ سے متعلق تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ اس واقعے سے ایک روز قبل بھی بنوں میں شیخ لندیخ پولیس پوسٹ پر فتنہ الخوارج کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے کواڈ کاپٹروں کے ذریعے بم گرائے جبکہ ایک اور سمت سے اسنائپر فائرنگ بھی کی گئی۔ حملے کے دوران پولیس پوسٹ کی عمارت کے قریب دو کواڈ کاپٹر بم گرائے گئے جو بعد ازاں پھٹ گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ لندیخ پولیس پوسٹ کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس مقام پر کم از کم 14 دہشتگرد حملے رپورٹ ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے لوئر ساؤتھ وزیرستان میں بھی ہفتے کے روز ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ وانا۔کاری کوٹ روڈ پر ایک پل کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک کمسن افغان بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ پل مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سرحد پار سے آنیوالے ڈرونز کا توڑ نکال لیا، جیمنگ گن تیار

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد طاہر شاہ وزیر کے مطابق دھماکے سے پل کو شدید ساختی نقصان پہنچا، جس کے باعث علاقے میں ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی۔ دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات اور وہاں کھڑی ایک نجی گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے وقت کمسن افغان بچی اپنے گھر کی چھت پر موجود تھی۔ دھماکے کی شدت کے باعث چھت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا جس سے بچی شدید زخمی ہو گئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر بچی کو وانا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بنیاد پر بڑا آپریشن، بھارتی پراکسی دہشتگرد ہلاک

دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش اور دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top