میسی کولکتہ میں مداحوں سے ملے بغیر واپس روانہ ہو گئے

کولکتہ: بھارتی شہر کولکتہ میں عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی آمد سے جڑا ایونٹ بدنظمی اور ناقص انتظامات کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گیا، جس کے بعد میسی مداحوں سے باقاعدہ ملاقات کیے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے۔

سالٹ لیک اسٹیڈیم میں منعقدہ اس ایونٹ کے دوران شائقین کی بڑی تعداد اس امید کے ساتھ پہنچی کہ وہ اپنے پسندیدہ فٹبالر کو قریب سے دیکھ سکیں گے، تاہم انتظامی کمزوریوں کے باعث مداحوں کو وہ تجربہ حاصل نہ ہو سکا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ اس صورتحال پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی اسٹیڈیم میں صرف 10 منٹ کے لیے موجود رہے، جس پر مداحوں میں مایوسی مزید بڑھ گئی۔ کئی شائقین نے شکایت کی کہ میسی کے اردگرد سیاسی رہنماؤں اور وزراء کا ہجوم تھا، جس کی وجہ سے عام مداح نہ تو انہیں قریب سے دیکھ سکے اور نہ ہی کسی قسم کی براہِ راست ملاقات ممکن ہو سکی۔

مداحوں نے اس بات پر بھی ناراضی کا اظہار کیا کہ میسی نے کسی قسم کی نمائشی فٹبال نہیں کھیلی، جبکہ ایونٹ سے قبل کیے گئے متعدد دعوے بھی پورے نہ ہو سکے۔ اسی طرح بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی آمد سے متعلق قیاس آرائیاں بھی حقیقت کا روپ نہ دھار سکیں، جس پر شائقین نے وقت، پیسے اور جذبات ضائع ہونے کا شکوہ کیا۔

مایوسی اور غصے کے نتیجے میں اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے، جس کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔ حالات قابو سے باہر ہونے پر ریاستی حکام نے لیونل میسی اور فٹبال شائقین سے باضابطہ معذرت کی۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز ، ملائیشیا کو 297 رنز سے ہرا دیا

انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی سربراہی ریٹائرڈ جسٹس اشیم کمار رائے کریں گے۔ کمیٹی میں چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم اینڈ ہِل افیئرز بھی شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو واقعے کی مکمل جانچ، ذمہ داران کے تعین اور آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کی کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آسام:کرپشن کے الزام میں چاربھارتی کرکٹرز معطل، مقدمہ درج

بعد ازاں لیونل میسی کے قیام کے ہوٹل کے باہر بھی صورتحال کشیدہ رہی، جہاں ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں مداح جمع ہو گئے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے معمولی لاٹھی چارج کیا۔ پولیس کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ اقدام ناگزیر تھا۔

Scroll to Top