محکمہ ایکسائز

نادہندگان 31 دسمبر تک ٹیکس ادا کریں ورنہ پراپرٹی سیل کی جائیگی ، محکمہ ایکسائز پنجاب

لاہور: محکمہ ایکسائز پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے حتمی نوٹسز جاری کر دئیے ہیں ۔

ایکسائزحکام نے خبردار کیا ہے کہ جو جائیداد مالکان 31 دسمبر تک ٹیکس ادا نہیں کریں گے، ان کی پراپرٹی کو سربمہر کر دیا جائے گا جبکہ کمرشل پراپرٹیز کے نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیے عملی کارروائیاں جلد شروع کی جا رہی ہیں ۔

حکام کے مطابق لاہور کے 3 ریجنز میں مقررہ 18 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں اب تک تقریباً 9 ارب روپے ٹیکس وصول کیا جا چکا ہے ۔ اسی طرح پنجاب بھر میں 73 ارب روپے کے مجموعی ہدف میں سے ساڑھے 37 ارب روپے کی وصولی مکمل ہو چکی ہے ۔

ٹیکس نیٹ کو مزید مؤثر بنانے اور آمدن میں اضافہ کرنے کے لیے فیلڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے ۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے اہم خبر!

محکمہ ایکسائز نے واضح کیا ہے کہ یکم جنوری 2026سے نادہندگان سے بقایا ٹیکس جرمانے کے ساتھ وصول کیا جائے گا جبکہ بڑے ڈیفالٹرز کو جائیداد کی قرقی جیسے سخت اقدامات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے ۔

  ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں بذات خود موجود رہ کر کارروائیوں کی اچھے طریقے سے نگرانی کریں تاکہ وصولیوں کے عمل کو مؤثر بنایا جا سکے ۔

ایکسائز حکام کا مزید کہنا ہے کہ رواں مالی سال 2025 کے دوران محکمہ ایکسائز نے گزشتہ مالی سال 2024 کے مقابلے میں اب تک تقریباً 11 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا ہے جو کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے ۔

محکمہ ایکسائز پنجاب نے شہریوں اور کاروباری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت پراپرٹی ٹیکس ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ وہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچ سکیں ۔

Scroll to Top