پاکستان

انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز ، ملائیشیا کو 297 رنز سے ہرا دیا

دبئی : انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے حریف ٹیم ملائیشیا کو 297 رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دے دی ۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ 2025 کے دوسرے میچ میں پاکستان  نے ملائیشیا کی ٹیم کو جیت کے لیے 346 رنز کے پہاڑ جیسا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مخالف ٹیم 19.4 اوورز میں صرف 48 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی ۔

شاہینوں نے بیٹنگ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد بولنگ میں بھی ملائیشیا کی ٹیم کو کریز پر ٹیکنے نہیں دیا، پاکستانی بولرز نے ملائیشین بیٹرز کے خلاف ایسی عمدہ پرفارمنس دکھائی کہ کوئی بیٹر بھی ڈبل فیگر میں بھی رسائی حاصل نہ کر سکا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آسام:کرپشن کے الزام میں چاربھارتی کرکٹرز معطل، مقدمہ درج

ملائیشین ٹیم کی طرف سے کپتان دیاز بیٹرو اور محمد اکرم 9، 9 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ، تین بلے باز بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے ، پاکستان کی جانب سے علی رضا اور محمد صیام نے 3، 3 جبکہ دانیال علی خان نے 2 اور نیقاب شفیق نے ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا ۔

قبل ازیں ملائیشیا نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی تو شا ہینوں نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے ۔

سمیر منہاس نے 148 گیندوں پر 177 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ، ان کی جارحانہ اننگ میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے ۔ احمد حسین نے بھی سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز جوڑے، دونوں بیٹرز نے تیسری وکٹ کے لیے ریکارڈ 293 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:معروف اسٹنٹ مین سلطان محمد گولڈن نے ریورس ریمپ جمپ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا

ایونٹ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ آج بروز اتوار 14 دسمبر2025 کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلنے کے لیے میدان میں اُترے گا ۔

Scroll to Top