ہفتہ کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 35 ویں نیشنل گیمز کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں کھیلوں، سیاسی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
اختتامی تقریب میں پاکستان آرمی نے سب سے زیادہ میڈلز جیت کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان آرمی نے کل 353 میڈلز حاصل کیے، جن میں 200 گولڈ، 97 سلور اور 56 برونز شامل ہیں۔ واپڈا نے 232 میڈلز کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا، جن میں 85 گولڈ، 73 سلور اور 74 برونز شامل ہیں۔ پاکستان نیوی نے 110 میڈلز کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا، جن میں 36 گولڈ، 39 سلور اور 35 برونز شامل تھے۔ میزبان صوبہ سندھ 96 میڈلز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا، جن میں 11 گولڈ، 26 سلور اور 59 برونز شامل ہیں۔
میڈلز کی تقسیم کے بعد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیاہ چشمے اور گردن میں سندھی اجرک کے ساتھ باضابطہ طور پر گیمز کے اختتام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور حاضرین نے انہیں زبردست پذیرائی دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا، “مئی 2025 میں پاکستان نے معرکۂ حق کے دوران شاندار کامیابی حاصل کی، جس میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ یہ فتح صرف فوجی نہیں بلکہ قومی ہے، جو قوم کی یکجہتی اور افواج کی پابندی کا مظہر ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز قومی اتحاد، یکجہتی اور وحدت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان مقابلوں میں کھلاڑیوں نے اپنی مہارت اور صلاحیتوں سے ثابت کیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو کے مطابق یہ کھلاڑی مستقبل میں دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
یہ بھی پرھیں: پاک فوج اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مکمل تیارہے: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو شکست دی اور معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر پوری قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ بلاول بھٹو نے سندھ اسمبلی کی پہلی قرارداد کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ سندھ ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور اتحاد میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے۔
تقریب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سندھی ٹوپی، اجرک اور اعزازی ٹوپی پیش کی اور سندھ عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اختتامی تقریب میں کھیلوں کی کامیاب تنظیم، کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، اور کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ منتظمین اور کھلاڑیوں کی کوششوں کو بھی سراہا گیا، جبکہ موجود حاضرین نے بھی کھیلوں کے شوق اور قومی اتحاد کو سراہا۔
یہ بھی پرھیں:نیشنل گیمزختم، پاک آرمی کی واضح سبقت،آزادکشمیر کا دستہ کوئی گولڈ میڈل جیت سکا نہ ہی سلور
بلاول بھٹو زرداری نے اختتامی خطاب میں کہا، “یہ نیشنل گیمز محض رفتار، طاقت یا مہارت کا مقابلہ نہیں، بلکہ پاکستان کے جشن کا مظہر ہیں۔ ہر کھلاڑی نے اپنے صوبے کے رنگ پہنے لیکن ایک ہی پرچم تلے متحد رہا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہاں بننے والی دوستیاں قائم رہیں، سبق یاد رہیں اور دکھائی گئی یکجہتی ہمارے ملک کی پہچان بنی رہے۔”




