اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’انٹر سروسز پبلک ریلیشنز‘ (آئی ایس پی آر) نے معروف گلوکار اسرار کی آواز میں نیا ملی نغمہ ’پاک سرزمینیوں‘ جاری کر دیا ہے، جو وطن عزیز سے غیر متزلزل وفاداری، قربانی اور مسلح افواج کی یکجہتی کی شاندار عکاسی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے باہمی اتحاد، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ نغمے میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے جرات مندانہ کردار اور دفاعِ وطن کے عزم کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
نغمے کے بول اور موسیقی اس عہد کی ترجمانی کرتے ہیں کہ وطن کے تحفظ کے لیے خون کے آخری قطرے تک قربانی دی جائے گی اور ہر چیلنج کے باوجود آگے بڑھنے کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
ملی نغمے میں پاک فوج کے جوانوں کو سرحدوں کے محافظ کے طور پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جو دن رات مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سینہ سپر رہتے ہیں۔ اسی طرح پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی برتری اور جرات مندانہ کردار کو بھی نغمے میں خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کیا گیا ہے، جو ملکی فضاؤں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’’دھڑکن پہ ایک ہی نام‘‘ معرکہ حق میں فتح پر پاک فوج کو خراج تحسین، آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ریلیز
نغمے میں پاک بحریہ کے ان جانبازوں کے کارناموں کو بھی سراہا گیا ہے جو سمندری سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نغمے میں شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے، جنہوں نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے سیاسی قیادت، تینوں مسلح افواج کے اعزاز میں عشائیہ
آئی ایس پی آر کے مطابق ’پاک سرزمینیوں‘ صرف ایک نغمہ نہیں بلکہ قربانی، حوصلے اور تجدیدِ عہدِ وفا کا پیکر ہے، جو قوم کے دلوں میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے اور مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے احساس کو فروغ دیتا ہے۔




