لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں قائم پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ کو پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت نجی شعبے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ بھی اب سرکاری سطح پر دیے جانے والے مفت لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے پہلے مرحلے میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے طلبہ میں 10 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم پر پہلے سے کام جاری ہے اور اس مرحلے میں نجی جامعات کے طلبہ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری اور نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان موجود سہولیات کے فرق کو کم کرنا ہے تاکہ تمام طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع میسر آ سکیں۔ اس حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے لیے مقررہ اہلیت کے معیار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایچ ایم ڈی کی پہلی بار اپنا فلپ لیپ ٹاپ لانچ کرنےکی تیاری
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تمام درخواست گزار طلبہ کا انتخاب یکساں میرٹ قوانین کے تحت کیا جائے گا۔ معیار کے مطابق امیدوار کا پنجاب میں قائم کسی نجی تعلیمی ادارے میں باقاعدہ داخلہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کا تعلیمی ریکارڈ مضبوط ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اہلیت کے معیار میں یہ شرط شامل ہے کہ گزشتہ امتحان میں طلبہ نے کم از کم 70 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں یا اس کے مساوی CGPA موجود ہو۔ حکام نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ وہ طلبہ جو پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم کے پچھلے مراحل میں لیپ ٹاپ حاصل کر چکے ہیں، اس مرحلے میں اہل نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ایچ ای سی نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی شامل کر لیا
اسکیم کے تحت خواتین طلبہ، معذور طلبہ اور کم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے مختص کوٹہ برقرار رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور ان طلبہ کی معاونت کے لیے ہیں جنہیں ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔




