اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کر دی ہے جس کے باعث موسم کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں ایک نیا موسمی نظام اثر انداز ہونے جا رہا ہے، جو کئی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ 13 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا۔ اس سسٹم کے نتیجے میں 14 اور 15 دسمبر کو اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔ اسی دوران بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق 15 سے 16 دسمبر کے دوران پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ سیاحوں کو مری اور شمالی علاقوں کا سفر موسم کی صورتحال دیکھ کر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت نے کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر عوام کو گرم کپڑوں کے استعمال اور موسم سرما کی ضروری تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مزید تفصیلات محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت مختلف پہاڑی اضلاع میں بارش اور برف باری کا امکان ہے، جبکہ مہمند، خیبر، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی موسم کی تبدیلی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: 15 دسمبر تک بارش، پہاڑوں پر برفباری کا امکان، ایس ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موٹر ویز اور ہائی ویز پر دھند کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے مسافروں کو احتیاط سے سفر کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی چشموں کے قریب رہنے والوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ شہریوں کو بارش، تیز ہوا یا ژالہ باری کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی حکام کے مطابق موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت میں امدادی سرگرمیاں فوری شروع کی جائیں گی۔




