جہلم ویلی میں سی ایم ایچ کا قیام عمل میں لایا جائے، ڈاکٹر مشتاق

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل )جماعت اسلامی آزاد کشمیر وگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نےکہا ہے کہ آزاد کشمیر کی روایتی سیاسی جماعتوں نے عوام کومایوس کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ ریاست کے عوام صحت کی جن سہولیات کے حقدار ہیں اس طرح کی سہولیات ہم انہیں دینے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات میسر نہیں، مریضوں کو راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ریفر کردیا جاتا ہے جو بڑی بد قسمتی کی بات ہےباالخصوص جہلم ویلی میں عوام کو صحت کی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔ جہلم ویلی میں سی ایم ایچ کا قیام عمل میں لا یا جائے، ہمارے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی تعداد بھی پوری نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ہیلتھ پیکج کے تحت بی ایچ یوز کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا ہے اس پرعملدرآمد کی ضرورت ہے ۔
جب تک حکومت ڈبلیو ایچ او کے ایس او پیز کے تحت لوگوں کو سہولیات نہیں دیتی ہمارا صحت کا نظام مزید بگڑتا جائے گا،امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے کہا کہ میری دیرینہ خواہش ہے اور حکومت سے مطالبہ بھی ہے کہ جہلم ویلی میں سی ایم ایچ کا قیام عمل میں لاکر لوگوں کو سہولیات انکی دہلیز پرپہنچائی جائیں ۔

 

Scroll to Top