پاک فوج

پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق وارئیر-IX جاری

پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان جاری مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشقیں اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہایت اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق “وارئیر -IX کے عنوان سے منعقد ہونے والی یہ مشقیں 28 نومبر کو باقاعدہ طور پر شروع ہوئیں اور 14 دسمبر تک جاری رہیں گی ۔

دو ہفتوں تک جاری رہنے والی اس تربیتی سرگرمی کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کی افواج کے درمیان عملی تعاون ، انٹر آپریبلٹی میں اضافہ اور خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی مشترکہ صلاحیت کو مزید وسعت دینا ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کے دوران شرکاء کو جدید جنگی ماحول، شہری علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں ، مشترکہ منصوبہ بندی، معلومات کے تبادلے اور پیچیدہ آپریشنل صورتحال میں فیصلہ سازی جیسے اہم پہلوؤں پر عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٍڈی جی آئی ایس پی آر کی فیض حمید،عمران خان گٹھ جوڑ کی نشاندہی سچ ثابت ہوگئی

اس موقع پر چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ان کے ہمراہ چینی فوج کے سینئر عسکری حکام بھی موجود تھے ۔ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف تقریب میں مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے ۔

تقریب کے دوران مہمانوں کو مشقوں کے مقاصد، دائرہ کار اور مختلف مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے بعد شرکاء نے دونوں ممالک کی افواج کی جانب سے پیش کیے جانے والے مختلف انسدادِ دہشت گردی ڈرلز کا معائنہ کیا، جن میں ریسکیو، محاصرہ، کلیئرنس آپریشنز اور ہائی رسک اہداف پر کارروائی جیسے مراحل شامل تھے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی اور چینی جوانوں کے عزم ، مہارت اور آپریشنل تیاری کو بھرپور سراہا گیا ۔ مشترکہ مشق وارئیر -IX نہ صرف پاکستان اور چین کے مضبوط دفاعی تعلقات کی علامت ہے بلکہ یہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے مقاصد کیلئے دونوں افواج کے پختہ عزم کی بھی تجدید کرتی ہے ۔

Scroll to Top